vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا میں پاکستانی سینیٹرز کے اعزاز میں سفارتی عشائیہ

0

پاکستان سے امریکا آئے ہوئے سینیٹر رانا محمود الحسن اور سلیم مانڈوی والا کے اعزاز میں مجتبیٰ ہاؤس میں سفارتی استقبالیہ اور عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چودھری سرور کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ایوارڈ دیا گیا اور سندھ ثقافت کی پہچان اجرک بھی پہنائی گئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے منتخب سینیٹر محمود الحسن اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی قیادت میں پاکستان سے دورۂ امریکا پر آئے ہوئے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں ڈاکٹر غلام مجتبیٰ نے نیوجرسی کے علاقے کلفٹن میں اپنی رہائش گاہ پر ڈپلومیٹک ریسپشن اور عشائیہ کا اہتمام کیا۔ تقریب میں امریکی سیاستدان اور آفیشلز بھی شریک ہوئے۔ عشائیے میں سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کثیر تعداد میں شریک ہوئیں۔ ڈاکٹر غلام مجتبیٰ پیشے کے اعتبار سے فارماسسٹ ہیں اور میڈیکل کے شعبے میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔ عشائیے پر ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور پارلیمانی سطح پر رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر امریکا میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چودھری سرور، جو پیشے کے اعتبار سے فارماسسٹ اور سیاسی طور پر ڈیموکریٹ بھی ہیں، وہ بھی شریک تھے۔ سینیٹر رانا محمود الحسن نے چودھری سرور کی امریکا میں رہتے ہوئے پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے سیاسی سرگرمیوں اور کمیونٹی کی بہتری پر ان کی خدمات کا اعتراف کیا اور انہیں خصوصی ایوارڈ سے نوازا۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سندھ ثقافت کی پہچان اجرک چودھری سرور کو پہنائی۔ پاکستانی کمیونٹی اراکین کا کہنا تھا کہ سرور چودھری کی جمہوری جدوجہد قابلِ تحسین ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.