vosa.tv
Voice of South Asia!

منیا پولس میں امیگریشن کارروائیاں، میئر ممدانی کی شدید تنقید

0

نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے منیا پولس میں جاری وفاقی امیگریشن انفورسمنٹ آپریشنز کو ’’خوفناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کارروائیوں نے عام شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔

اے بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں میئر ممدانی نے کہا کہ امریکا میں بہت سے لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنی آنکھوں دیکھی اور کانوں سنی حقیقتوں پر یقین نہ کریں، حالانکہ زمینی صورتحال اس کے برعکس ہے۔میئر ممدانی نے آئی سی ای کے چھاپوں کو ظالمانہ اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں عوامی تحفظ کے کسی بھی مقصد کو پورا نہیں کرتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے اپنا مؤقف براہِ راست امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تک بھی پہنچا چکے ہیں۔ میئر ممدانی نے واضح کیا کہ وہ نیویارک سٹی میں اسی نوعیت کی وفاقی کارروائیوں کو روکنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ ان کے مطابق منیا پولس میں جس خوف کے سائے میں لوگ زندگی گزار رہے ہیں، وہی خدشات نیویارک کے شہریوں کو بھی لاحق ہو سکتے ہیں، اور وہ کسی صورت اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے وفاقی اہلکاروں کے مبینہ ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نقاب پوش اہلکار گھروں، گاڑیوں اور سڑکوں پر لوگوں کو ہراساں کر رہے ہیں، جو امریکی اقدار کے منافی ہے۔ممدانی نے سات جنوری کو 37 سالہ امریکی شہری رینی گڈ کی ہلاکت کو ’’قتل‘‘ قرار دیا، نیویارک میں ایسی کارروائیوں کی روک تھام سے متعلق سوال پر میئر ممدانی نے کہا کہ شہر کے پاس قانونی راستوں سمیت متعدد اختیارات موجود ہیں اور وہ ہر حد تک جا کر نیویارک کے شہریوں کا تحفظ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کی اقدار اور قوانین کوئی سودے بازی کا ذریعہ نہیں بلکہ ایسی بنیادیں ہیں جن کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا، کیونکہ نیویارک کو اپنی شناخت اور اصولوں پر فخر ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.