vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں برفانی طوفان، سٹی انتظامیہ مکمل الرٹ

0

نیویارک سٹی میں متوقع شدید برفانی طوفان کے پیشِ نظر میئر زوہران ممدانی نے ٹی وی اور ریڈیو پروگرامز میں شرکت کرتے ہوئے شہریوں کو شہر کی تیاریوں اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

میئر نے بتایا کہ شہر اس ہفتے کے آخر میں آنے والے ممکنہ طوفان کے لیے ہر سطح پر مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔میئر ممدانی کو نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ میں سینئر شہری حکام اور ریاستی شراکت داروں نے موسمِ سرما کے ہنگامی ردعمل منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ انتظامیہ نے تیاریوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ موسمی ماڈلز کے مطابق شہر میں کم از کم ایک فٹ برف پڑنے کا امکان ہے جبکہ بعض اندازوں میں 16 سے 18 انچ تک برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔میئر کے مطابق صفائی کے محکمے (DSNY) نے صبح سویرے ہی اہم شاہراہوں اور بڑی سڑکوں پر نمکین محلول کا چھڑکاؤ شروع کر دیا ہے تاکہ برف اور پھسلن سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ ہزاروں صفائی گاڑیوں کو برف ہٹانے والے آلات اور چینز سے لیس کیا جا رہا ہے اور تقریباً دو ہزار صفائی کارکنان 12 گھنٹے کی شفٹس میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔ جیسے ہی دو انچ برف جمع ہو گی، شہر بھر میں 700 نمک چھڑکنے والی گاڑیاں متحرک کر دی جائیں گی، جبکہ جدید بلیڈرنر ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے تمام علاقوں میں کام کی نگرانی کی جائے گی۔میئر ممدانی نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ ضروری سامان پہلے ہی خرید لیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے Notify NYC سروس کے ذریعے سٹی الرٹس حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے تمام ادارے، بشمول پارکس ڈیپارٹمنٹ اور دیگر محکمے، صفائی کے عمل میں معاونت کر رہے ہیں تاکہ نیویارک کے شہری اس مشکل موسم میں بھی محفوظ رہ سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.