میئر زوہران ممدانی کی قیادت میں نیویارک سٹی انتظامیہ نے نوجوانوں کے لیے جامع صحت سہولیات کی فراہمی کے مقصد سے NYC ہیلتھ + ہاسپٹلز/وُڈہل اور کوئنز میں دو نئی یوتھ کلینکس کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ کلینکس 16 سے 25 سال کی عمر کے نوجوانوں کو ذہنی صحت، بنیادی طبی نگہداشت اور سماجی معاونت فراہم کریں گی، جس کے لیے میٹرو پلس ہیلتھ کی جانب سے 40 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت دی جا رہی ہے۔انتظامیہ کے مطابق، تقریباً 90 فیصد نوجوان 21 سال کی عمر کے بعد ذہنی صحت کے معالج سے رابطہ ختم کر دیتے ہیں، جس کے باعث علاج کا تسلسل متاثر ہوتا ہے۔ نئی “ایلیویٹ یو” کلینکس کا مقصد اسی خلا کو پُر کرنا ہے تاکہ نوجوان پیڈیاٹرک کیئر سے نکلنے کے بعد بھی صحت کے نظام سے جڑے رہیں، ایمرجنسی روم کے غیر ضروری دورے کم ہوں اور طویل المدتی صحت کے نتائج بہتر بنائے جا سکیں۔ان کلینکس میں ذہنی صحت کی خدمات، پرائمری کیئر، تولیدی صحت، روزگار اور تعلیمی رہنمائی کے ساتھ ساتھ سماجی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ ہر نوجوان کو ایک مستقل کثیر الشعبہ ٹیم کے تحت خدمات دی جائیں گی، جس میں سوشل ورکر، ماہرِ نفسیات، نرس، یوتھ پیئر اور فیملی ایڈووکیٹ شامل ہوں گے۔ کلینکس کے ماحول کو بھی نوجوانوں کے لیے دوستانہ اور آرام دہ بنایا گیا ہے۔