68 ملین ڈالر میڈی کیڈ فراڈ، دو اور ملزمان کا اعترافِ جرم
نیویارک میں فیملی سوشل ایڈلٹ ڈے کئیر کے 68 ملین ڈالر کے فراڈ کیس میں مزید دو ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔ ملزمان کو مئی کے تیسرے اور آخری ہفتے میں سزا سنائی جائے گی۔
بروکلین میں واقع سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر اور ہوم ہیلتھ کیئر کمپنی کے ذریعے میڈی کیڈ سے فراڈ کی سازش میں ملوث دو مزید ملزمان منال واصف اور الین اینٹاؤ نے اعترافِ جرم کرلیا ہے۔ ملزمان نے ایسی خدمات کے عوض غیر قانونی کک بیکس ادا کیں جو درحقیقت فراہم ہی نہیں کی گئیں۔ محکمہ انصاف کے مطابق یہ دونوں ملزمان ہیپی فیملی سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر سینٹر اور فیملی سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر سینٹر کے ساتھ ساتھ ریسپانسبل کیئر اسٹافنگ نامی ہوم ہیلتھ کیئر ادارے کے لیے بھی کام کر رہی تھیں۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزمان نے اکتوبر 2017 سے جولائی 2024 کے درمیان غیر قانونی کک بیکس اور رشوت کے بدلے میڈی کیڈ کے مستحق افراد کو مذکورہ ڈے کیئر کی سروس حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ ملزمان نے ایسی خدمات کے لیے بھی ادائیگیاں کروائیں جو فراہم نہیں کی گئیں یا پھر رشوت کے ذریعے حاصل کی گئیں۔ ملزمان نے فراڈ سے حاصل شدہ رقوم چھپانے کے لیے متعدد کاروباری اداروں کا استعمال کیا۔ محکمہ انصاف کے مطابق منال واصف اور الین اینٹاؤ اس کیس میں اعترافِ جرم کرنے والے چھٹے اور ساتویں ملزم ہیں اور دونوں نے مجموعی طور پر تقریباً 1 ملین ڈالر ضبط کرانے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔ الین کو 20 مئی جبکہ منال کو 27 مئی کو سزا سنائی جائے گی۔ دونوں ملزمان کو زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ حتمی سزا کا تعین وفاقی جج امریکی سزائی رہنما اصولوں اور دیگر قانونی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں گے۔