شکاگو میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کا اسٹریٹجک اجلاس
پاکستانی ڈیسنٹ فزیشنز سوسائٹی (پی پی ایس) نے شکاگو میں ایک اہم اسٹریٹجک اجلاس منعقد کیا، جس میں پاکستان اور امریکہ میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانے سے متعلق مختلف منصوبوں اور اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کا مقصد تنظیم کی آئندہ سمت، قیادت کے ایجنڈے اور کمیونٹی سے جڑے سماجی اہداف کا تعین کرنا تھا۔یہ اسٹریٹجک میٹنگ نو منتخب صدر کے ساتھ منعقد کی گئی، جس میں تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل، پیشہ ورانہ ترجیحات اور کمیونٹی ہیلتھ سے متعلق منصوبوں پر غور کیا گیا۔ پاکستانی ڈیسنٹ فزیشنز سوسائٹی نے اپنے اہداف کو مقامی سطح پر مؤثر بنانے پر زور دیا، جن میں مستقبل کے معالجین کی رہنمائی، کمیونٹی ہیلتھ اقدامات، اور صحت عامہ سے متعلق آگاہی میں اضافہ شامل ہے۔سالانہ اسٹریٹجک کانفرنس کی صدارت صدر ڈاکٹر شاہد احسن اور صدر منتخب برائے 2027 ڈاکٹر طارق حمید نے کی، جبکہ ویسٹ مونٹ، الینوائے میں واقع اے پی پی این اے کے ہیڈ کوارٹر کو اجلاس کے مقام کے طور پر منتخب کیا گیا۔ اس اجلاس میں پچاس سے زائد پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں نے شرکت کی، جنہوں نے صحت کے مختلف شعبوں سے متعلق اپنے تجربات اور تجاویز پیش کیں۔اجلاس کے دوران بورڈ کے اراکین اور شرکاء نے متعدد اہم موضوعات پر گفتگو کی، جن میں پیشہ ورانہ ترقی، تعلیمی سرگرمیاں اور انسان دوست اقدامات کو تنظیم کے بنیادی اہداف قرار دیا گیا۔ ڈاکٹر شاہد احسن نے ذہنی صحت کے مسائل پر آگاہی بڑھانے اور متاثرہ افراد کے لیے علاج اور مدد تک رسائی کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ شکاگولینڈ کے علاقوں میں مفت طبی کلینکس اور موبائل ہیلتھ یونٹس کے فروغ پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔میٹنگ کے ایجنڈے میں امریکہ میں نئے آنے والے پاکستانی ڈاکٹروں کو پیشہ ورانہ ماحول سے ہم آہنگ کرنے، رہنمائی فراہم کرنے اور ان کی عملی و تعلیمی ترقی میں معاونت جیسے نکات بھی شامل تھے، تاکہ وہ صحت کے شعبے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں اور کمیونٹی کی بہتر خدمت ممکن بنائی جا سکے۔