نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے ٹرانسپورٹیشن پالیسی کی ماہر مِدوری والڈیویا کو نیویارک سٹی ٹیکسی اینڈ لیموزین کمیشن (TLC) کی چیئر اور کمشنر کے عہدے کے لیے نامزد کردیا ہے۔
میئر کے مطابق یہ نامزدگی ٹیکسی ڈرائیورز اور محنت کش طبقے کے حق میں سٹی ہال کی مسلسل جدوجہد کا تسلسل ہے، جس کا مقصد شہر میں محفوظ، منصفانہ اور قابلِ برداشت ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ دینا ہے۔مِدوری والڈیویا کو شہری ٹرانسپورٹ اور آپریشنز کے شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ اس وقت میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی (MTA) کی بورڈ ممبر ہیں اور اس سے قبل TLC میں ڈپٹی کمشنر برائے فنانس و ایڈمنسٹریشن، پورٹ اتھارٹی آف نیویارک اینڈ نیوجرسی میں سینئر ایڈوائزر اور MTA کے چیئر و سی ای او کی چیف آف اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ جے ایف کے اور لاگارڈیا ایئرپورٹس پر سروس ورکرز کے لیے اور TLC کی تاریخی ڈرائیور پے اسٹڈی میں بھی اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔میئر ممدانی کا کہنا تھا کہ ٹیکسی ڈرائیورز برسوں سے نظرانداز ہوتے رہے ہیں اور TLC میں ایک مضبوط اور باخبر قیادت کی ضرورت ہے جو ان کے مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کرے۔ ان کے مطابق مِدوری والڈیویا نہ صرف پالیسی سازی میں مہارت رکھتی ہیں بلکہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کا عملی تجربہ بھی رکھتی ہیں، جو اس عہدے کے لیے انہیں موزوں بناتا ہے۔نامزد امیدوار مِدوری والڈیویا نے اس اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈرائیورز، مسافروں اور تمام نیویارکرز کے لیے بہتر، محفوظ اور باوقار ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی کے لیے کام کریں گی۔ یہ نامزدگی سٹی کونسل کی منظوری سے مشروط ہے، جس کے بعد وہ باضابطہ طور پر TLC کی سربراہی سنبھالیں گی۔