نیوجرسی میں مسلم ہیریٹیج منتھ، ثقافت اور ہم آہنگی کا شاندار جشن
نیوجرسی میں کلچرل سوسائٹی آف برگن کاؤنٹی کے زیرِ اہتمام تیسرے سالانہ مسلم ہیریٹیج منتھ کی پُررونق اور رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں امریکا میں مقیم مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ہمراہ شرکت کی۔ تقریب کا مقصد مسلم تہذیب، ثقافت، تاریخ اور اقدار کو اجاگر کرنا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کا انگریزی اور ہسپانوی زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا، جبکہ حمدِ باری تعالیٰ نے روحانی فضا قائم کر دی۔ پروگرام کی نظامت سائرہ گیلانی نے انجام دی، جنہوں نے خطبۂ استقبالیہ میں کلچرل سوسائٹی آف برگن کاؤنٹی کا تعارف کرایا، مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور فرحت خان سمیت منتظمین کی خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ہیریٹیج منتھ کے ذریعے امن، محبت، بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام عام کیا جا رہا ہے۔تقریب میں کمسن بچوں نے اسلامی تہذیب اور اقدار پر مبنی نظمیں اور کلام پیش کیے، جنہیں حاضرین کی جانب سے بھرپور داد ملی۔ اس موقع پر مسلم ثقافت کی عکاسی کرنے والا کلچرل ایکسپو بھی سجایا گیا، جہاں مشرقی ملبوسات، آرائشی اشیاء، پرفیومز، کاسمیٹکس اور اسلامی لٹریچر نمائش اور فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔ بچوں کے لیے معلوماتی کوئز پروگرام بھی منعقد ہوا، جس میں اسلام، تاریخ، سائنس اور علم و ادب سے متعلق سوالات شامل تھے، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو انعامات سے نوازا گیا۔مسلم ہیریٹیج منتھ کے انعقاد میں خواتین پر مشتمل غیر منافع بخش تنظیم کلچرل سوسائٹی آف برگن کاؤنٹی کی فرحت خان، نادیہ خان، غزالہ چوہان، ڈاکٹر غزالہ ارشد اور دیگر نے اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر غزالہ ارشد کا کہنا تھا کہ مسلم ہیریٹیج منتھ دراصل مسلم تہذیب و ثقافت کے تعارف اور مثبت تبادلے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔تقریب میں فوڈ بازار بھی قائم کیا گیا، جہاں مختلف ذائقوں پر مشتمل روایتی اور بین الاقوامی پکوان شرکا کی توجہ کا مرکز رہے۔ اس موقع پر برگن کاؤنٹی کی جانب سے امام سعید قریشی، فرحت خان اور نادیہ خان کو کمیونٹی کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز بھی دیے گئے۔ امام سعید قریشی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب کمیونٹی کے اتحاد، باہمی احترام اور مشترکہ اقدار کی بہترین مثال ہے۔پروگرام میں نیوجرسی اسٹیٹ اسمبلی کے اراکین، برگن کاؤنٹی کے حکام اور دیگر امریکی عہدیداروں نے بھی شرکت کی، جنہیں کلچرل سوسائٹی آف برگن کاؤنٹی کی جانب سے روایتی شالز پہنائی گئیں۔ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ مسلم ہیریٹیج منتھ مختلف ثقافتوں اور مذاہب کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہے اور ایسی تقریبات باہمی ہم آہنگی کو مضبوط کرتی ہیں۔تقریب میں بچوں اور نوجوانوں کو خصوصی نمائندگی دی گئی۔ نیوجرسی کی مقامی حکومت میں پہلے بنگالی نژاد امریکی میونسپل ایڈمنسٹریٹر انتیشان چودھری اور کونسل ممبر رشید پٹیل نے بھی خطاب کیا اور دنیا کی ترقی، سائنس، فنون اور دیگر شعبوں میں مسلمانوں کے تاریخی کردار کو اجاگر کیا۔پروگرام کے دوران چینی مسلمانوں پر مشتمل بینڈ اور دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جبکہ مسلم نوجوانوں نے دف پر نشید پیش کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ اختتام سے قبل قرعہ اندازی کے ذریعے شرکا میں عمرہ کے ٹکٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ معروف قوال ساگر برادرز کی قوالی نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔