نیو جرسی کی ایسیکس کاؤنٹی کے شہر ایسٹ اورنج میں واقع ایک اپارٹمنٹ عمارت میں آگ لگنے کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق آگ اتوار کی صبح تقریباً 6 بج کر 15 منٹ پر واشنگٹن اسٹریٹ پر واقع رہائشی عمارت میں بھڑکی۔فائر بریگیڈ کے موقع پر پہنچنے پر عمارت کی پہلی منزل سے شدید دھواں اور آگ کے شعلے اٹھ رہے تھے۔ عینی شاہدین کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کی کھڑکیوں سے گہرا سرمئی دھواں باہر نکل رہا تھا جبکہ فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے میں مصروف تھے۔حکام کے مطابق کم از کم 36 افراد کو علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں دو فائر فائٹرز بھی شامل ہیں جنہیں معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ بعض مکینوں نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں لگا کہ وہ عمارت کے نچلے حصوں میں اپنے فلیٹس میں رہ سکتے ہیں، تاہم بعد میں حفاظتی خدشات کے باعث تمام افراد کو عمارت خالی کرنا پڑی۔متاثرہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیڑھیوں میں شدید اندھیرا اور دھواں تھا، جس کے باعث انہیں گیلا کپڑا منہ پر رکھ کر باہر نکلنا پڑا۔ ایک شہری نے بتایا کہ ان کی معمر والدہ وہیل چیئر پر تھیں، جنہیں نکالنا ایک مشکل مرحلہ ثابت ہوا اور دھوئیں کے باعث ان کی طبی حالت مزید تشویشناک ہو گئی۔ایسٹ اورنج کے فائر چیف آندرے ولیمز کے مطابق متعدد افراد کو کھڑکیوں کے ذریعے ریسکیو کیا گیا جبکہ دیگر شہروں سے آنے والی امدادی ٹیموں نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔ آگ پر صبح تقریباً 7 بج کر 50 منٹ پر قابو پا لیا گیا۔ ریڈ کراس کی ٹیمیں متاثرین کی مدد کے لیے موقع پر موجود ہیں جبکہ فائر حکام آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔