vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک کے لیفٹیننٹ گورنر انتونیو ڈیلگاڈو کے اعزاز میں میٹ اینڈ گریٹ کی تقریب

0

ریاست نیویارک کے لیفٹیننٹ گورنر اور گورنر کے امیدوار انتونیو ڈیلگاڈو نے کہا ہے کہ ریاست کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں، لیکن یہ محنت کش اور چھوٹے کاروباری افراد تک نہیں پہنچ رہے۔ میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتا ہوں۔ وہ ڈیرہ ریسٹورانٹ میں منعقدہ اپنے اعزاز میں میٹ اینڈ گریٹ سے خطاب کر رہے تھے۔

 نیویارک میں ڈیموکریٹک پارٹی کے لیفٹیننٹ گورنر انتونیو ڈیلگاڈو اس سال گورنر کا انتخاب لڑیں گے۔ ان کے اعزاز میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے میٹ اینڈ گریٹ کا اہتمام کیا، گرمجوشی سے استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔ تقریب کی میزبانی معروف کاروباری و سماجی شخصیت اور ڈیرہ ریسٹورانٹ کے مالک سیف ناگرا نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ندیم کرمانی نے انجام دیے اور تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں شخصیات شریک تھیں۔ شرکاء سے خطاب میں گورنر کے امیدوار لیفٹیننٹ گورنر انتونیو ڈیلگاڈو کا کہنا تھا کہ نیویارک دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کے باوجود شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ موجودہ حکومت بڑے رئیل اسٹیٹ ڈیولپرز، وال اسٹریٹ اور کارپوریٹ مفادات کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ چھوٹے کاروبار، مزدور، کسان اور اقلیتی کمیونٹیز کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ میٹ اینڈ گریٹ کے دوران گورنر کے امیدوار کے ساتھ مختلف مسائل پر گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے سوالات کیے اور تجاویز و مشورے بھی پیش کیے۔ اس موقع پر انتونیو ڈیلگاڈو نے امیر طبقے اور بڑی کمپنیوں پر ٹیکس بڑھانے، معاشی ترقی کے فنڈز براہِ راست کمیونٹیز میں لگانے، یونیورسل ہیلتھ کیئر، چائلڈ کیئر اور امیگرنٹس کے تحفظ کے لیے نیویارک فار آل ایکٹ کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر معروف کاروباری و سماجی شخصیت سیف ناگرا اور ندیم کرمانی نے انتونیو ڈیلگاڈو کو پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے گورنر کے انتخاب میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں کمیونٹی سے گفتگو میں انتونیو ڈیلگاڈو نے اسلاموفوبیا کی روک تھام، مسلم کمیونٹی کے لیے معاشی مواقع کی فراہمی، عید پر ریاستی سطح پر تعطیل کے آغاز، جبکہ امیگریشن اور مقامی پولیس کے تعاون کے خاتمے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.