نیویارک کے وفاقی جج نے فیصلہ دیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ فی الحال نیویارک سمیت پانچ ڈیموکریٹک ریاستوں کے لیے بچوں کی نگہداشت اور دیگر سماجی پروگراموں کی وفاقی فنڈنگ نہیں روک سکتی۔
خبر رساں ادارے اے بی سی 7 نیوز کے مطابق یہ حکم اس وقت تک نافذ رہے گا جب تک عدالت میں مزید دلائل مکمل نہیں ہو جاتے۔ ریاستوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فنڈز منجمد کرنے سے فوری طور پر انتظامی بحران پیدا ہو رہا ہے۔کیلیفورنیا، کولوراڈو، الینوائے، منیسوٹا اور نیویارک نے عدالت کو بتایا کہ تین وفاقی گرانٹ پروگراموں کی رقم روکنے کی پالیسی کے باعث بچوں اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے اہم خدمات متاثر ہو رہی ہیں۔ ان پروگراموں میں کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کے لیے چائلڈ کیئر سبسڈی، نقد امداد اور سماجی خدمات شامل ہیں، جن سے ان ریاستوں کو سالانہ دس ارب ڈالر سے زائد کی رقم ملتی ہے۔محکمہ صحت و انسانی خدمات نے دعویٰ کیا کہ فنڈنگ اس لیے روکی گئی کیونکہ شبہ ہے کہ بعض ریاستیں غیر قانونی طور پر ملک میں موجود افراد کو فوائد دے رہی ہیں، تاہم اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ ریاستوں نے اس اقدام کو غیر آئینی اور سیاسی انتقام قرار دیا، جبکہ کہا کہ وفاقی حکومت کا مطالبہ کردہ ڈیٹا بھی آئین کے خلاف ہے۔