امریکی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں وفاقی امیگریشن حکام نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر کے دو افراد کو زخمی کر دیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب ایک دن قبل منی سوٹا میں ایک خاتون کی ہلاکت کے بعد امیگریشن کارروائیوں پر شدید تنقید جاری ہے۔ حکام کے مطابق واقعہ جمعرات کی دوپہر ایک اسپتال کے باہر پیش آیا۔ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے اہلکاروں نے ایک مخصوص گاڑی کو روکا، جس میں سوار ایک شخص پر الزام ہے کہ وہ وینزویلا کے ایک جرائم پیشہ نیٹ ورک سے وابستہ تھا۔ بیان کے مطابق جب اہلکاروں نے اپنی شناخت ظاہر کی تو ڈرائیور نے مبینہ طور پر اہلکاروں کو گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی، جس پر ایک اہلکار نے اپنی جان کے دفاع میں فائرنگ کی۔ گاڑی بعد میں موقع سے فرار ہو گئی۔پورٹ لینڈ پولیس کے مطابق کچھ دیر بعد ایک رہائشی علاقے میں ایک مرد اور خاتون گولی لگنے کی حالت میں ملے، جنہیں فوری طبی امداد دی گئی۔ دونوں کی حالت کے بارے میں فوری طور پر واضح معلومات فراہم نہیں کی گئیں، واقعے کے بعد آئی سی ای کی عمارت کے باہر سینکڑوں افراد نے احتجاج کیا، جبکہ میئر کیتھ ولسن اور سٹی کونسل نے مطالبہ کیا کہ مکمل تحقیقات تک شہر میں امیگریشن کی تمام کارروائیاں روکی جائیں۔