نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے شہر اور ریاستی سطح پر پالیسی اور بجٹ کے شعبے میں طویل تجربہ رکھنے والی سیمونیا براؤن کو سینئر ایڈوائزر برائے پالیسی و اسٹریٹیجی مقرر کر دیا ہے۔
اس عہدے پر وہ ریاست نیویارک کے دارالحکومت البانی میں شراکت داروں کے ساتھ مل کر میئر کے اخراجات میں کمی اور عوامی ریلیف سے متعلق ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گی اور فرسٹ ڈپٹی میئر کو رپورٹ کریں گی۔سیمونیا براؤن کو نیویارک سٹی اور نیویارک اسٹیٹ حکومت میں دو دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے، جہاں انہوں نے منتخب نمائندوں کو پالیسی اور بجٹ سے متعلق اہم معاملات پر مشاورت فراہم کی۔ سابق میئر بل ڈی بلازیو کے دور میں وہ نیویارک سٹی اسٹیٹ لیجسلیٹو افیئرز آفس کی ڈائریکٹر رہیں اور شہر کے بجٹ اور قانون سازی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔انہوں نے نیویارک سٹی آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ میں ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، جہاں وہ محکمہ تعلیم، سٹی یونیورسٹی آف نیویارک میں سرمایہ کاری اور 59 کمیونٹی بورڈز کے بجٹ کی نگرانی کی ذمہ دار تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے انٹرگورنمنٹل ریلیشنز یونٹ کی قیادت کرتے ہوئے شہر کی مالی ترجیحات کو مقامی، ریاستی اور وفاقی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا۔اس سے قبل وہ نیویارک اسٹیٹ اسمبلی میں مختلف عہدوں پر فائز رہیں، جہاں اسپیکر اور اسمبلی قیادت کو مشاورت دی، بجٹ تجزیے کی نگرانی کی، پالیسی اقدامات تیار کیے اور بجٹ مذاکرات کی قیادت کی۔ اس وقت وہ اسٹیٹ کمپٹرولر کے دفتر میں اسسٹنٹ ڈپٹی کمپٹرولر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، جہاں وہ مقامی حکومتوں اور اسکول اضلاع کے مالی معاملات، سالانہ ایک ارب ڈالر سے زائد کی تقسیم اور ریاست بھر میں مالی دباؤ کی نگرانی کی قیادت کر رہی ہیں۔