امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے سال کی شب ایک صدارتی اعلان پر دستخط کرتے ہوئے فرنیچر، کچن کیبنٹس اور وینٹیز پر مجوزہ اضافی ٹیرف ایک سال کے لیے مؤخر کر دیے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ فیصلہ جاری تجارتی مذاکرات کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاہم ستمبر میں نافذ کیا گیا 25 فیصد ٹیرف بدستور برقرار رہے گا۔صدارتی حکم کے تحت یکم جنوری سے لاگو ہونے والے فرنیچر پر 30 فیصد اور کچن کیبنٹس و وینٹیز پر 50 فیصد اضافی ٹیرف کو مزید ایک سال کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ فرنیچر پر ٹیرف کا مقصد امریکی صنعت کو مضبوط بنانا اور قومی سلامتی کا تحفظ ہے۔خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کی ٹیرف پالیسی میں حالیہ اتار چڑھاؤ کی ایک اور مثال ہے، جہاں بعض اوقات بغیر پیشگی اطلاع کے ٹیرف عائد کیے گئے اور پھر اچانک مؤخر یا واپس لے لیے گئے۔ اسی دوران انتظامیہ نے اطالوی پاستا پر مجوزہ 107 فیصد ٹیرف سے بھی پیچھے ہٹنے کے اشارے دیے ہیں۔امریکی محکمہ تجارت کے مطابق نئی نظرثانی کے بعد اطالوی پاستا بنانے والی کمپنیوں پر ٹیرف کی شرح کم ہو کر 2.26 سے 13.89 فیصد کے درمیان آ سکتی ہے، جبکہ حتمی فیصلہ 12 مارچ کو متوقع ہے۔ اطالوی زرعی اور غذائی صنعت کی تنظیموں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی ٹیرف امریکی صارفین کے لیے پاستا کی قیمت دگنی کر سکتے تھے۔