پیپلز پارٹی امریکہ کے زیرِ اہتمام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی اٹھارویں برسی کی تقریب
ڈیلس میں پاکستان پیپلز پارٹی امریکہ کی جانب سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی اٹھارویں برسی منائی گئی، جس کی میزبانی پیپلز پارٹی امریکہ کے نائب صدر امیر مکھانی نے کی۔ اس موقع پر شہر کی اہم شخصیات اور کمیونٹی رہنما بڑی تعداد میں موجود تھے۔
ڈیلس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی اٹھارویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے پیپلز پارٹی امریکہ کے نائب صدر امیر مکھانی نے کہا کہ آج ہم ایک ایسی ہستی کی یاد میں جمع ہوئے ہیں جو ہمارے دلوں میں رہتی ہیں۔ ان کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ وہ مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم بنیں۔تقریب سے سابق وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، قمر الزمان کائرہ اور پاکستان پیپلز پارٹی امریکہ کے صدر خالد اعوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ مقررین نے محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوریت، عوامی حقوق اور غریب طبقے کے لیے جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں ایک عظیم عوامی رہنما قرار دیا۔برسی کی تقریب سے سید فیاض حسن، غزالہ حبیب، افتخار درپن، امیر علی مکھانی، سید شہاب شاہ اور راجہ زاہد خانزادہ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو محض ایک نام نہیں تھیں بلکہ وہ پاکستان کے ضمیر پر لکھی گئی وہ تحریر تھیں جو آج بھی مٹائی نہیں جا سکی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو اقتدار میں ہوں یا قید میں، وہ ہمیشہ ایک جیسی رہیں اور عوام کے ساتھ کھڑی رہیں۔اس موقع پر مقررین نے اقوام متحدہ کے تعاون سے سندھ میں بارہ لاکھ بے گھر افراد کو گھر فراہم کرنے کے منصوبے کو ایک مثالی پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہید بھٹو کے خوابوں کی عملی تعبیر ہے۔ تقریب کے اختتام پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔