نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز اور نیویارک سٹی اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے برونکس میں واقع ہنٹس پوائنٹ پروڈیوس مارکیٹ کی مکمل ازسرِنو تعمیر کے لیے ایک تاریخی معاہدے کا اعلان کیا ہے۔
نیویارک کے میئر کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری خبر کے مطابق اس منصوبے پر شہر، ریاست اور وفاقی حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر 405 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، جس کا مقصد جدید، ماحول دوست اور مکمل طور پر الیکٹرک فوڈ ڈسٹری بیوشن سینٹر قائم کرنا ہے۔نئے منصوبے کے تحت ایک جدید انٹرموڈل فوڈ ڈسٹری بیوشن سینٹر بنایا جائے گا، جس سے نہ صرف خوراک کی ترسیل کا نظام بہتر ہوگا بلکہ فضائی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ اس اقدام سے ہنٹس پوائنٹ پیننسولا میں رہنے والے تقریباً 13 ہزار افراد کو صاف ہوا میسر آئے گی، جبکہ تعمیراتی مرحلے کے دوران 2 ہزار سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی اور موجودہ اچھی تنخواہوں والی نوکریاں بھی محفوظ رہیں گی۔ تعمیراتی کام 2026 کے آخر میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ہنٹس پوائنٹ پروڈیوس مارکیٹ نیویارک شہر کی تازہ سبزیوں اور پھلوں کی فراہمی کا تقریباً 25 فیصد حصہ پورا کرتی ہے اور سالانہ 2.5 ارب پاؤنڈ سے زائد پیداوار شہر اور دیگر علاقوں میں تقسیم کی جاتی ہے۔ نئے منصوبے کے تحت ڈیزل سے چلنے والے ریفریجریشن یونٹس ختم کر دیے جائیں گے، جس سے آلودگی کم ہوگی اور برونکس کے مکینوں کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی۔یہ منصوبہ میئر ایڈمز کے “ہنٹس پوائنٹ فارورڈ پلان”، اور “گرین اکانومی ایکشن پلان” کا اہم حصہ ہے، جن کا مقصد معاشی مواقع پیدا کرنا، ماحولیات کا تحفظ کرنا اور شہر کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانا ہے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ نیویارک کے فوڈ سپلائی چین کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔