نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ نیویارک سٹی کے نئے اسکولز چانسلر کے طور پر کمار سیموئلز کے نام کا اعلان کریں گے، جو منصب سنبھالنے سے قبل ان کی آخری بڑی تقرریوں میں سے ایک ہوگی۔
خبر رساں ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق آنے والی انتظامیہ نے باضابطہ تبصرہ نہیں کیا، تاہم ذرائع کے مطابق کمار سیموئلز اس اہم عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔کمار سیموئلز اس وقت اپر ویسٹ سائیڈ کے ڈسٹرکٹ 3 کے سپرنٹنڈنٹ ہیں اور ڈی بلازیو انتظامیہ کے دوران اسکول سسٹم میں نسلی تنوع بڑھانے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔ ممدانی نے موجودہ چانسلر میلیسا اویلس راموس پر بھی غور کیا تھا، جنہوں نے عہدے پر برقرار رہنے کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم دیگر سابق ڈی بلازیو دور کے قریبی عہدیداران کے نام بھی زیر غور رہے۔ادھر ممدانی نے اپنی آئندہ انتظامیہ کے لیے مزید اہم تقرریوں کا اعلان بھی کیا ہے، جن میں اسٹیو بینکس کو کارپوریشن کاؤنسل، رمزی قاسم کو اعلیٰ قانونی عہدہ، اور ایلمہرسٹ ہاسپٹل کی سی ای او ہیلن آرٹیگا کو ڈپٹی میئر برائے صحت و انسانی خدمات نامزد کرنا شامل ہے۔ پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش اپنے عہدے پر برقرار رہیں گی، تاہم ہیلتھ کمشنر کے نام کا اعلان تاحال باقی ہے۔ممدانی یکم جنوری کو آدھی رات اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، جب کہ رسمی تقریب سٹی ہال کے باہر منعقد کی جائے گی، جس میں الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز افتتاحی خطاب کریں گی اور سینیٹر برنی سینڈرز حلف دلائیں گے۔