vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: مائمونائیڈز ہیلتھ کو این وائی سی ہیلتھ + ہاسپٹلز میں شامل کرنے کا اعلان

0

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز، این وائی سی ہیلتھ + ہاسپٹلز کے صدر و چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر مچل کیٹز اور مائمونائیڈز ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو کین گِبس نے اعلان کیا ہے کہ این وائی سی ہیلتھ + ہاسپٹلز اور مائمونائیڈز ہیلتھ کے درمیان انضمام کے عمل کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، جو حتمی قانونی اور ریگولیٹری منظوری سے مشروط ہوگا۔

اس شراکت کے تحت بروکلین میں قائم مائمونائیڈز ہیلتھ سسٹم، جو تین اسپتالوں اور 80 سے زائد کمیونٹی مراکز پر مشتمل ہے، سرکاری ہیلتھ سسٹم کا حصہ بن جائے گا، جبکہ مریضوں کی طبی دیکھ بھال بلا تعطل جاری رہے گی۔حکام کے مطابق انضمام کے بعد مائمونائیڈز کو میڈی کیڈ کے تحت بہتر ری ایمبرسمنٹ ریٹس حاصل ہوں گے، جس سے ادارے کی مالی بنیاد مضبوط ہوگی۔ اس کے ساتھ جدید “ایپک” الیکٹرانک ہیلتھ ریکارڈ سسٹم کے نفاذ سے علاج میں ہم آہنگی بڑھے گی، آمدن کے حصول میں بہتری آئے گی اور مریضوں کو اپنے طبی ریکارڈ تک آن لائن رسائی ممکن ہو سکے گی۔ اس شراکت کو نیویارک اسٹیٹ کی جانب سے پانچ برسوں میں 2.2 ارب ڈالر کی گرانٹ کی حمایت حاصل ہے، جس کا اعلان گورنر ہوکل نے بروکلین میں سیفٹی نیٹ ہیلتھ کیئر کے تحفظ کے لیے کیا تھا۔میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ اس اقدام سے بروکلین سمیت پورے شہر کے رہائشیوں کے لیے معیاری اور پائیدار طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر تمام قانونی اور ریگولیٹری مراحل بروقت مکمل ہو گئے تو یہ انضمام یکم اپریل 2026 سے قبل مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد مائمونائیڈز باضابطہ طور پر این وائی سی ہیلتھ + ہاسپٹلز سسٹم کا حصہ بن جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق یہ قدم نیویارک کے عوام کے لیے صحت کی بہتر، مساوی اور پائیدار سہولیات فراہم کرنے کی مجموعی حکمتِ عملی کا اہم جزو ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.