ریاض : قائداعظم محمد علی جناح کی 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر تقریب منعقد
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سماجی تنظیم پاکستان رائٹرز کلب ریاض کے زیرِ اہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد قائداعظم کی جدوجہد، فکر اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر تعظیم حسین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت، اصول پسندی اور ایمان، اتحاد اور تنظیم کا پیغام آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ہمیں قائداعظم کے افکار کو عملی زندگی میں اپنانا ہوگا۔پاکستان رائٹرز کلب ریاض کے صدر نوید الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ پیدائش قائداعظم ہمیں اس عہد کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم اپنے وطن کی آزادی، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات اور قائداعظم کے خوابوں کے مطابق پاکستان کو عظیم تر بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔تقریب کے دوران ادبی نشست بھی منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر فرح نادیہ، ڈاکٹر طاہرہ، زبیر بھٹی، یوسف علی یوسف، ڈاکٹر راشد محمود، سلیم کاوش، منظر ہمدانی، اریبہ عاصم اور دیگر شعراء و ادباء نے اپنا کلام پیش کیا۔ حاضرین نے شرکاء کی ادبی کاوشوں کو خوب سراہا اور بھرپور داد دی۔