امریکا کے مختلف حصے ایک شدید برفانی طوفان کی زد میں آ رہے ہیں، جو میدانی علاقوں سے مشرق کی جانب بڑھتے ہوئے برف، بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا باعث بن سکتا ہے۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طاقتور سائیکلون ملک کے بڑے حصے کو مختلف موسمی اثرات سے متاثر کرے گا، جس کے نتیجے میں کہیں شدید برفباری اور کہیں خطرناک ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔خبر رساں ادارے دی گارجین کے مطابق مڈویسٹ میں اتوار کے روز برفباری اور تیز ہواؤں نے شدت اختیار کر لی، جہاں وائٹ آؤٹ اور ممکنہ بلیزارڈ جیسی صورتحال سے خبردار کیا گیا ہے۔ گریٹ لیکس کے بعض علاقوں میں ایک فٹ سے زائد برف پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ لیک سپیریئر کے جنوبی کنارے پر دو فٹ تک برفباری ہو سکتی ہے، جس سے سفر تقریباً ناممکن ہو سکتا ہے۔دوسری جانب جنوبی ریاستوں میں شدید گرج چمک کے طوفان اور اچانک سردی کی لہر متوقع ہے، جسے ماہرین “بلو نارتھر” قرار دے رہے ہیں۔ اس سرد موسم کے باعث اٹلانٹا، ڈلاس اور لٹل راک سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت میں اچانک اور نمایاں کمی ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مڈویسٹ اور گریٹ لیکس میں شدید برفانی طوفان، نیو انگلینڈ میں برفانی بارش، مشرقی اور جنوبی امریکا میں گرج چمک کے طوفان اور ملک بھر میں تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔ حکام نے تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔