vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: پی پی پی یو ایس اے کے زیرِ اہتمام شہید بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کی دعائیہ تقریب

0

پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے زیرِ اہتمام سابق وزیراعظم پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کی مناسبت سے ایک دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں پارٹی عہدیداران سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 نیویارک کے مقامی ریسٹورنٹ میں منعقدہ تقریب میں پیپلز پارٹی امریکہ کے صدر خالد اعوان، سینئر نائب صدر جمشید گجر، پیپلز پارٹی نیویارک کے صدر ظفر چھٹہ، وائس پریزیڈنٹ ہمایوں صفدر اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں بارگاہِ رسالت میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ تقریب کی نظامت راجہ اسد نے کی۔ انہوں نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی خدمات پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد اور ان کے نظریات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پی پی پی یو ایس اے کے صدر خالد اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے اپنی زندگی وقف کی، اور ان کی قربانیاں تاریخ کا ایک سنہری باب ہیں۔ اس موقع پر خالد اعوان نے شرکاء کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا آڈیو کلپ بھی سنوایا۔ سینئر نائب صدر جمشید گجر اور پیپلز پارٹی نیویارک کے صدر ظفر چھٹہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہید بینظیر بھٹو کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرکاء نے شہید بینظیر بھٹو کی سیاسی وراثت اور ان کے ویژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمیونٹی کے افراد نے دعائیں کیں اور شہید بھٹو کی یاد میں فاتحہ خوانی کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے باہمی ملاقات کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی یادیں اور ان کا مشن ہمیشہ زندہ رہے گا۔ اس موقع پر پی پی پی یو ایس اے کی تمام تنظیموں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بینظیر بھٹو کے نظریات کو دنیا بھر میں پھیلانے اور پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.