تائیوان — تائیوان کے دارالحکومت تائپی اور اس کے گرد و نواح میں آنے والے شدید زلزلے کے جھٹکوں سے عمارتیں لرز اٹھیں، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکام کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 ریکارڈ کی گئی، جبکہ جھٹکے شہر کے مختلف علاقوں میں واضح طور پر محسوس کیے گئے۔خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے فوراً بعد متعدد افراد گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات کا رخ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی، تاہم صورتحال کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز شمال مشرقی شہر ییلان سے تقریباً 32 کلومیٹر دور تھا، جبکہ اس کی گہرائی زمین کے اندر تقریباً 73 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ مقامی انتظامیہ نے زلزلے کو شدت کے اعتبار سے کیٹیگری 4 قرار دیا ہے۔حکام نے آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے، جبکہ ہنگامی ادارے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیے گئے ہیں۔