vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا میں طوفان، تعطیلات کے دوران 1500 سے زائد پروازیں منسوخ

0

امریکا میں شدید موسم سرما کے طوفان ’’ڈیون‘‘ کے باعث تعطیلات کے مصروف سفری دنوں میں فضائی نظام بری طرح متاثر ہوا، جہاں 1,500 سے زائد پروازیں منسوخ اور ہزاروں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ایئر کے مطابق جمعے کی شام تک امریکا کے اندر آنے اور باہر جانے والی 1,581 پروازیں منسوخ جبکہ 6,800 سے زائد میں تاخیر ریکارڈ کی گئی۔امریکی نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ طوفان ڈیون کے باعث مشرقی اور وسطی ریاستوں میں خطرناک سفری حالات پیدا ہو گئے ہیں اور بھاری برفباری کا امکان ہے۔ جبکہ کیلیفورنیا میں مزید 30 ملین افراد سیلاب اور طوفانی بارشوں کے خطرے سے دوچار ہیں۔نیویارک میں جمعے کی رات 10 انچ تک برفباری کی پیش گوئی کی گئی، جو گزشتہ چار برسوں میں سب سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ جان ایف کینیڈی، نیوارک لیبرٹی اور لاگارڈیا ایئرپورٹس نے مسافروں کو ممکنہ تاخیر اور منسوخی سے آگاہ کیا، جبکہ مجموعی طور پر آدھی سے زیادہ متاثرہ پروازیں انہی ہوائی اڈوں سے وابستہ رہیں۔ایئرلائنز میں جیٹ بلو نے سب سے زیادہ 225 پروازیں منسوخ کیں، اس کے بعد ڈیلٹا، ریپبلک ایئرویز، امریکن اور یونائیٹڈ ایئرلائنز شامل ہیں۔ ادھر مغربی ساحل پر جنوبی کیلیفورنیا کو 54 برسوں میں سب سے زیادہ بارشوں والے کرسمس کا سامنا کرنا پڑا، جہاں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشات برقرار ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.