vosa.tv
Voice of South Asia!

وفاقی جج کا حکم، سینکچوری ریاستوں کے فنڈز بحال کیے جائیں

0

 امریکا میں ایک وفاقی جج نے ٹرمپ انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ وہ ڈیموکریٹک ریاستوں کو قدرتی آفات اور سیکیورٹی سے متعلق وہ وفاقی فنڈز بحال کرے جو امیگریشن نفاذ میں تعاون نہ کرنے کی بنیاد پر روکے گئے تھے۔

 خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ فیصلہ ان 12 ریاستی اٹارنی جنرلز کے حق میں آیا ہے جنہوں نے اس اقدام کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔امریکی ڈسٹرکٹ جج میری مک ایلرائے نے اپنے فیصلے میں کہا کہ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی اور فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے “سینکچوری” پالیسی رکھنے والی ریاستوں کے لیے گرانٹس میں غیرمنصفانہ اور من مانی کٹوتیاں کیں۔ ان کٹوتیوں کے تحت کنیکٹی کٹ، ڈیلاویئر، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا، میساچوسٹس، منی سوٹا، نیویارک، رہوڈ آئی لینڈ، ورمونٹ اور واشنگٹن سمیت کئی ریاستوں سے مجموعی طور پر 233 ملین ڈالر سے زائد کی رقم کم کی گئی تھی۔عدالت کے مطابق یہ فنڈز ایک ارب ڈالر کے اس پروگرام کا حصہ ہیں جو خطرات کے تخمینے کی بنیاد پر تقسیم کیا جاتا ہے اور بعد ازاں زیادہ تر رقم پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹس کو منتقل کی جاتی ہے۔ جج نے واضح کیا کہ امیگریشن نفاذ میں ریاستی تعاون کو بنیاد بنا کر سیکیورٹی فنڈز کم کرنا آئین کے منافی اور انتظامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔جج مک ایلرائے نے فیصلے میں حالیہ براؤن یونیورسٹی فائرنگ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات میں ردعمل کے لیے یہی فنڈز نہایت اہم ہوتے ہیں۔ عدالت نے محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کو ہدایت دی کہ وہ تمام متاثرہ ریاستوں کو پہلے سے اعلان کردہ فنڈز فوری طور پر بحال کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.