vosa.tv
Voice of South Asia!

ICE آپریشن کے دوران گاڑی پر فائرنگ، ڈرائیور اور مسافر زخمی

0

میری لینڈ میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کی کارروائی کے دوران ایک گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔

امریکی حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ICE اہلکار مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر مقیم دو افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق پرتگال اور ایل سلواڈور سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو بدھ کے روز ایک سفید وین میں سفر کے دوران روکا گیا۔ اہلکاروں نے ڈرائیور کو انجن بند کرنے کی ہدایت دی، تاہم الزام ہے کہ ڈرائیور نے تعاون کرنے کے بجائے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیوں کو ٹکر مارنے کی کوشش کی، جس کے بعد اہلکاروں نے اپنی جان اور عوامی تحفظ کے خدشے کے پیش نظر فائرنگ کی۔حکام کے مطابق فائرنگ سے ڈرائیور زخمی ہوا جبکہ گاڑی دو عمارتوں کے درمیان جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں مسافر بھی زخمی ہو گیا۔ دونوں افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ واقعے میں کسی ICE اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ مقامی پولیس نے بھی تصدیق کی ہے کہ ڈرائیور نے اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کی تھی۔میری لینڈ کے گورنر ویس مور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات سامنے آنے پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ یہ واقعہ حالیہ دنوں میں پیش آنے والے اسی نوعیت کے دیگر واقعات کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں ICE کارروائیوں کے دوران مزاحمت اور تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.