vosa.tv
Voice of South Asia!

میئر ایڈمز کا مین ہٹن پلان، 10 برس میں 1 لاکھ نئے گھروں کا ہدف

0

 نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور محکمہ سٹی پلاننگ نے “مین ہٹن پلان” جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد آئندہ دس برسوں میں مین ہٹن میں ایک لاکھ نئے گھروں کی تعمیر کے ذریعے شدید ہاؤسنگ بحران سے نمٹنا ہے۔

یہ منصوبہ میئر ایڈمز کے 2025 اسٹیٹ آف دی سٹی خطاب میں پیش کیا گیا تھا۔منصوبے کے تحت ٹرانزٹ کے قریب رہائشی تعمیرات، سرکاری ملکیت کی زمینوں کی ازسرِنو ترقی، دفاتر کو رہائشی عمارتوں میں تبدیل کرنا، اور زوننگ و ضابطہ جاتی اصلاحات شامل ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق عوامی مشاورت کے عمل میں 2,500 سے زائد تجاویز موصول ہوئیں، جن کی بنیاد پر مین ہٹن میں رہائش کے نئے مواقع پیدا کرنے کا خاکہ تیار کیا گیا۔میئر ایڈمز کا کہنا ہے کہ مین ہٹن میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور محدود رہائشی سہولیات کے باعث متوسط اور محنت کش طبقہ شدید دباؤ میں ہے، جسے کم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر گھروں کی تعمیر ناگزیر ہے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف سستی رہائش میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار، ٹرانسپورٹ اور مقامی کاروباروں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ موجودہ دورِ حکومت میں اب تک چار لاکھ سے زائد گھروں کی منصوبہ بندی یا تعمیر کی جا چکی ہے، جبکہ مین ہٹن پلان شہر کو دوبارہ ایک ایسا مقام بنانے کی کوشش ہے جہاں ہر آمدنی طبقے کے لوگ رہائش اختیار کر سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.