نیویارک میں امریکی محکمہ انصاف (DOJ) کی ویب سائٹ سے جیفری ایپسٹین سے متعلق کم از کم 16 فائلز اچانک غائب ہو گئی ہیں، جن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تصویر بھی شامل تھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ فائلز جمعے کو عوام کے لیے دستیاب تھیں، تاہم ایک دن کے اندر بغیر کسی سرکاری وضاحت یا عوامی نوٹس کے ہٹا دی گئیں۔غائب ہونے والی فائلز میں نازیبا پینٹنگز کی تصاویر اور ایک ایسی تصویر شامل تھی جس میں دراز کے اندر موجود مختلف تصاویر کے ساتھ صدر ٹرمپ، ان کی اہلیہ میلینیا ٹرمپ، جیفری ایپسٹین اور اس کی قریبی ساتھی گھسلین میکسویل کی تصویر دیکھی جا سکتی تھی۔ محکمہ انصاف نے سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ تصاویر اور دیگر مواد کا مزید جائزہ لیا جا رہا ہے اور قانون کے مطابق ترمیم یا حذف کا عمل احتیاط کے تحت جاری ہے۔فائلز کے اچانک غائب ہونے پر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔ ایوانِ نمائندگان کی اوور سائیٹ کمیٹی کے ڈیموکریٹ ارکان نے شفافیت کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ آخر کیا چیز عوام کی نظروں سے چھپائی جا رہی ہے۔یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب محکمہ انصاف نے ایپسٹین کیس سے متعلق ہزاروں صفحات پر مشتمل دستاویزات جاری کیں، تاہم ان میں بھی کئی اہم مواد شامل نہیں تھے، جن میں متاثرین کے انٹرویوز اور فردِ جرم سے متعلق اندرونی یادداشتیں شامل ہیں۔ ناقدین کے مطابق یہ انکشافات عوامی احتساب کے بجائے مزید ابہام پیدا کر رہے ہیں۔محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ دستاویزات مرحلہ وار جاری کی جائیں گی، تاہم اس تاخیر اور نامکمل معلومات پر متاثرین اور قانون سازوں کی جانب سے شدید ناراضی کا اظہار کیا جا رہا ہے، جن کا کہنا ہے کہ شفافیت کی طویل جدوجہد اب بھی ادھوری ہے۔