vosa.tv
Voice of South Asia!

آپریشن “ہاک آئی اسٹرائیک”، امریکا کی شام میں انتقامی کارروائی

0

 امریکی محکمہ دفاع کے مطابق امریکا نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر جوابی حملے کیے ہیں۔

 امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسِتھ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ یہ کارروائی “آپریشن ہاک آئی اسٹرائیک” کے تحت کی گئی، جس کا مقصد داعش کے جنگجوؤں، انفراسٹرکچر اور اسلحہ کے مراکز کو نشانہ بنانا تھا۔ہیگسِتھ کے مطابق یہ حملے 13 دسمبر کو شام کے شہر پالمیرا میں امریکی افواج پر ہونے والے حملے کے جواب میں کیے گئے، جس میں تین امریکی ہلاک ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی نئی جنگ کا آغاز نہیں بلکہ امریکا کی جانب سے واضح انتقامی کارروائی ہے، اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکی شہریوں اور افواج کے دفاع میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں برتی جائے گی۔امریکی حکام کے مطابق جمعے کو کیے گئے ان حملوں میں فائٹر جیٹس، حملہ آور ہیلی کاپٹرز اور توپ خانے کا استعمال کیا گیا، جبکہ وسطی شام میں داعش کے درجنوں اسلحہ ذخائر اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ شامی مبصر تنظیموں نے بھی مختلف علاقوں میں زور دار دھماکوں کی اطلاعات دی ہیں۔پالمیرا حملے میں ہلاک ہونے والوں میں آئیووا نیشنل گارڈ کے دو اہلکار اور ایک امریکی سویلین مترجم شامل تھے، جبکہ تین دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔ یہ 2019 کے بعد شام میں امریکی فوج کی پہلی جنگی ہلاکتیں تھیں۔ امریکی فوج کے مطابق اس وقت شام میں تقریباً ایک ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں، جن کا بنیادی مشن داعش کی دوبارہ بحالی کو روکنا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.