نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے بروکلین میرین ٹرمینل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ میں سات میئرل تقرریوں کا اعلان کر دیا ہے، جو بروکلین میرین ٹرمینل کے لیے 3.5 ارب ڈالر کے وژن پلان پر عمل درآمد میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔
اس کارپوریشن کا مقصد ایک جدید آل الیکٹرک میری ٹائم پورٹ کے ساتھ ایک متحرک، مکسڈ یوز کمیونٹی کی تعمیر ہے، جسے ستمبر میں ٹاسک فورس کی دو تہائی اکثریت کی حمایت حاصل ہوئی تھی۔میئر ایڈمز نے کہا کہ یہ تقرریاں بروکلین واٹر فرنٹ کے مستقبل سے متعلق شہر کے وعدے کی تکمیل ہیں، جن کے ذریعے ریڈ ہُک کمیونٹی میں ہزاروں گھروں، دسیوں ہزار ملازمتوں اور ایک نئے میری ٹائم پورٹ کی بنیاد رکھی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ بورڈ کمیونٹی اور منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر منصوبے میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی شمولیت کو یقینی بنائے گا۔منصوبے کے تحت 60 ایکڑ پر مشتمل جدید بندرگاہ، 6 ہزار نئے مکانات جن میں 2,400 سے زائد مستقل سستے گھر شامل ہوں گے، کم از کم 28 ایکڑ عوامی کھلی جگہ، تجارتی، کمیونٹی اور صنعتی سہولیات تعمیر کی جائیں گی۔ مجموعی طور پر یہ منصوبہ 122 ایکڑ پر محیط ہوگا، جس سے 18 ارب ڈالر کا معاشی اثر، 37 ہزار عارضی اور 2 ہزار مستقل ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔میئر کے نامزد کردہ بورڈ اراکین میں کیرن بلونڈل، مشیل ڈی لا اُز، تھامس مک موہن، ریجینا مائر، جان نارڈی، ٹوکمبو شو بوالے اور جیسی سولومن شامل ہیں، جبکہ مختلف شہری اداروں کے اعلیٰ حکام بطور ایکس آفیشیو اراکین بورڈ کا حصہ ہوں گے۔ منصوبہ اس وقت ماحولیاتی جائزے کے مرحلے میں ہے اور عوامی رائے کی مدت مارچ 2026 تک بڑھا دی گئی ہے۔