نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے رینٹ گائیڈ لائنز بورڈ کے لیے چار نئی تقرریوں کا اعلان کیا ہے۔
ایڈمز کے مطابق ارپت گپتا کو بطور عوامی نمائندہ اور کرسٹینا سمتھ کو بطور مالکان کی نمائندہ دوبارہ نامزد کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ لیام فن کو عوامی نمائندہ جبکہ ساگر شرما کو کرایہ داروں کے نمائندے کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ میئر آفس کے مطابق یہ تقرریاں ہاؤسنگ پالیسی، قانون، مالیات اور عوامی مفاد کے شعبوں میں دہائیوں کے تجربے کی عکاس ہیں۔میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ ان کی انتظامیہ شہر کی ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن ذریعہ استعمال کر رہی ہے، اور اس مقصد کے لیے تجربہ کار اور حقائق پر مبنی فیصلے کرنے والے ماہرین کی تقرری ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق نئے اور دوبارہ مقرر کیے گئے اراکین کرایہ داروں اور جائیداد مالکان دونوں کے مفادات کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔میئر آفس کے مطابق ایڈمز انتظامیہ نے اب تک چار لاکھ سے زائد گھروں کی تخلیق، تحفظ یا منصوبہ بندی کی ہے اور شہر کی تاریخ میں سب سے زیادہ سستے کرایے والے یونٹس فراہم کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئی تقرریاں اس عزم کو مزید مضبوط کریں گی کہ نیویارک سٹی میں کرایہ داروں کا تحفظ اور قابلِ استطاعت رہائش کی فراہمی کو ترجیح دی جائے۔