نیویارک( رپورٹ:علی عباس)کہتے ہیں قربانی کبھی رائیگاں نہیں جاتی، نیویارک سٹی پولیس فاؤنڈیشن نے دوران ڈیوٹی اپنی جان کی بازی لگانے والے بہادر جوانوں کو بہت منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے.
اس ضمن میں نیویارک سٹی پولیس فاؤنڈیشن نے این وائے پی ڈی کے نائنز اینڈ فرینڈز کے نام سے اپنا سالانہ کیلنڈر جاری کردیا ہے۔ یہ صرف کیلنڈر نہیں بلکہ فرض شناسی، وفاداری اور قربانی کی کہانی ہے۔ نیویارک سٹی پولیس فاؤنڈیشن میں ڈیولپمنٹ اینڈ ایونٹس کی ڈائریکٹر ٹیلر کہن کا کہنا ہے کہ ہر کیلنڈر کی فروخت سے 35 ڈالر آمدنی ہوگی جو پولیس فاؤنڈیشن کے فلاحی پروگرامز اور منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔اس کیلنڈر میں نیویارک پولیس کے تربیت یافتہ کتوں اور گھڑ سوار دستے کے گھوڑوں کو ان کے پولیس افسر ساتھیوں کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں چیف آف ٹرانزٹ جوزف گلوٹا کے مطابق کیلنڈر میں سراغ رساں کتوں کے نام ان بہادر پولیس افسران کے نام پر بطور اعزاز رکھے گئے ہیں جو دوران ڈیوٹی اپنی جان قربان کرکے کئی زندگیاں بچاگئے۔ جنوری سے جنوری، تیرہ ماہ پر مشتمل اس کیلنڈر کا اجراء ہر سال کیا جاتا ہے، اس سال کیلنڈر میں خاموش ہیرو، کے نائنز فریڈی اور ویل جیسے نئے کردار بھی شامل کیے گئے ہیں۔یہ کیلنڈر صرف دن اور تاریخ دیکھنے کے لیے نہیں بلکہ پولیس کے بہادر جوانوں کو ایک خاموش خراج عقیدت بھی ہے جو انسانیت کی حفاظت کے لیے ان قربانی کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔