vosa.tv
Voice of South Asia!

اقوام متحدہ: ورلڈ سمٹ آن انفارمیشن سوسائٹی پر 20 سالہ جائزہ اجلاس آج سے شروع، پاکستان بھی شریک

0

نیویارک( رپورٹ:علی عباس) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ورلڈ سمٹ آن انفارمیشن سوسائٹی کے 20 سالہ کارکردگی کے جائزے کے لیے دو روزہ اعلیٰ سطحی اجلاس آج ( منگل ) سے نیویارک میں شروع ہو رہا ہے۔ اس اہم عالمی کانفرنس میں پاکستان بھی ایک فعال کردار ادا کرے گا اور اپنا وفد شرکت کے لیے بھیج رہا ہے۔

یہ اجلاس انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔اجلاس کے اہم موضوعات میں ڈیجیٹل تقسیم کو پر کرنا، ترقی پذیر ممالک میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر تک رسائی بہتر بنانا اور ڈیجیٹل تقسیم ختم کرنا شامل ہے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا جائے گا کہ کس طرح ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو 2030 ایجنڈا برائے پائیدار ترقی کے حصول کے لیے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔یہ اجلاس مستقبل میں انٹرنیٹ گورننس کے فریم ورک کو بھی تشکیل دے گا جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز (حکومتیں، سول سوسائٹی، نجی شعبہ) کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈیجیٹل دور میں انسانی حقوق، آزادی اظہار رائے اور پرائیویسی کے تحفظ کو بھی زیر بحث لانے کی توقع ہے۔ پاکستان کا وفد ان مباحثوں میں حصہ لے گا اور ایک جامع اور ترقی پر مبنی انفارمیشن سوسائٹی کے قیام کے وژن کے مطابق اپنا موقف پیش کرے گا۔ پاکستان انفارمیشن سوسائٹی کے مقاصد کے نفاذ میں حاصل کی گئی کامیابیوں اور درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالے گا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے، سفیر عاصم افتخار احمد، پاکستانی وفد کا حصہ ہوں گے اور ملک کے نقطہ نظر کی ترجمانی کریں گے۔ اس اجلاس کے نتائج آنے والے سالوں میں اقوام متحدہ کے ڈیجیٹل اقدامات اور عالمی سطح پر ڈیجیٹل تعاون کی سمت کا تعین کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.