vosa.tv
Voice of South Asia!

اسرائیل کا نور شمس کیمپ میں گھروں کی مسماری کا نیا منصوبہ

0

 اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے طولکرم میں واقع نور شمس پناہ گزین کیمپ میں اس ہفتے 25 رہائشی عمارتیں مسمار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مقامی حکام کے مطابق یہ فیصلہ اسرائیلی وزارتِ دفاع کے ادارے کوگیٹ (COGAT) کی جانب سے آگاہی کے بعد سامنے آیا، جبکہ کیمپ کی عوامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس حکم سے کم از کم 100 فلسطینی خاندانوں کے مکانات متاثر ہوں گے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ جنوری میں شروع کی گئی کارروائی “آپریشن آئرن وال” کا مقصد شمالی مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپوں میں مسلح گروہوں کے خلاف کارروائی ہے۔ تاہم فلسطینی حکام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا موقف ہے کہ یہ اقدامات صرف سیکیورٹی تک محدود نہیں بلکہ وسیع تر حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کے تحت گھروں کی مسماری، جبری بے دخلی اور علاقے کی جغرافیائی ساخت میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔الجزیرہ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران تین بڑے پناہ گزین کیمپوں میں تقریباً 1,500 گھروں کو نقصان پہنچایا یا مسمار کیا گیا، جبکہ 32 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو جبری طور پر بے گھر ہونا پڑا۔ انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد فلسطینی آبادی کو محدود کرنا اور انہیں عملی طور پر “قید” جیسی صورتحال میں دھکیلنا ہے۔مسماری کے خلاف نور شمس کے بے دخل مکینوں نے اسرائیلی فوجی گاڑیوں کے سامنے احتجاج بھی کیا اور اپنے گھروں کو واپس جانے کا مطالبہ کیا۔ فلسطینی نیشنل کونسل کے سربراہ نے اس فیصلے کو نسلی تطہیر اور مسلسل جبری نقل مکانی کا تسلسل قرار دیا، جبکہ متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ وہ خود کو مکمل طور پر تنہا اور بے بس محسوس کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.