جاپان کے شمال مشرقی علاقوں میں جمعے کی صبح 6.7 شدت کا زلزلہ آیا جس کے بعد موسمیاتی ایجنسی نے سونامی کا انتباہ جاری کردیا۔
خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق زلزلہ آوموری کے ساحل کے قریب 20 کلومیٹر گہرائی میں مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 44 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا، جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے بھی یہی شدت بتائی ہے۔سرکاری اداروں کے مطابق خطے کے ایٹمی بجلی گھروں میں کسی غیر معمولی صورتحال کی اطلاع نہیں ملی۔ نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق جھٹکوں کی شدت 7.5 کے اُس بڑے زلزلے سے کم تھی جو چند روز قبل اسی علاقے میں آیا تھا اور جس سے سڑکیں تباہ، کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور 70 سینٹی میٹر تک سونامی لہریں اٹھیں۔پیر کے زلزلے میں کم از کم 50 افراد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد حکام نے ہوکائیدو سے لے کر ٹوکیو کے مشرقی علاقے چِیبا تک شہریوں کو ایک ہفتے تک ممکنہ طاقتور جھٹکوں سے خبردار رہنے کی خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔ 2011 کے تباہ کن 9.0 شدت کے زلزلے اور سونامی میں 18 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاپتہ ہوئے تھے۔