ٹرمپ نے امیروں کے لیے گولڈ کارڈ ویزا اسکیم متعارف کرادی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نئی امیگریشن اسکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت کم از کم 10 لاکھ ڈالر ادا کرنے والے غیر ملکیوں کو تیز رفتار امریکی ویزا اور شہریت کا راستہ فراہم کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے اسے سوشل میڈیا پر ’’امریکہ کیلئے باصلاحیت افراد لانے کا بہترین موقع‘‘ قرار دیا۔سرکاری ویب سائٹ کے مطابق ’ٹرمپ گولڈ کارڈ‘ اُن افراد کو دیا جائے گا جو ثابت کریں کہ وہ امریکہ کیلئے ’’نمایاں فائدہ‘‘ پیدا کرسکتے ہیں۔ اسکیم کے تحت خریداروں کو ریکارڈ مدت میں رہائش ملنے کا وعدہ کیا گیا ہے، جبکہ 10 لاکھ ڈالر کی فیس کو ہی امریکہ کیلئے مفید ثابت ہونے کی ضمانت قرار دیا گیا ہے۔ کمپنیوں کو اپنے ملازمین کیلئے اسپانسرشپ کی صورت میں 20 لاکھ ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی۔ٹرمپ انتظامیہ جلد ’پلاٹینم کارڈ‘ بھی متعارف کرانے جا رہی ہے جس میں خصوصی ٹیکس چھوٹ شامل ہوگی جبکہ اس کی فیس 50 لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔ ہر درخواست گزار کو 15 ہزار ڈالر ناقابلِ واپسی پروسیسنگ فیس بھی جمع کرانا ہوگی، جو درخواست کے جائزے سے پہلے لی جائے گی۔یہ اسکیم اُس وقت سامنے آئی ہے جب واشنگٹن امیگریشن کریک ڈاؤن سخت کر رہا ہے، جن میں ورک ویزا فیس میں اضافہ، غیر قانونی تارکین کی ملک بدری اور 19 ممالک کی امیگریشن درخواستوں کی معطلی شامل ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ نیا پروگرام صرف امیر افراد کو فائدہ دیتا ہے، جبکہ ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ ’’وہ لوگ جو 50 لاکھ ڈالر ادا کرسکتے ہیں، امریکہ میں نئی نوکریاں پیدا کریں گے‘‘۔