vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں پشتون کلچرل ڈے بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا

0

خیبر سوسائٹی آف امریکا کے زیر اہتمام نیویارک میں پشتون کلچرل ڈے بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ پشتون ثقافت اور موسیقی نے محفل کا لطف دوبالا کردیا۔ مختلف شخصیات کو ایوارڈز بھی دیے گئے۔

 خیبر سوسائٹی آف امریکا کے زیر اہتمام نیویارک کے مقامی ریسٹورانٹ میں منعقدہ پشتون کلچرل ڈے کا باقائدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک اور امریکا و پاکستان کے قومی ترانوں سے کیا گیا۔تقریب کی نظامت محمد ناصر خان اور ریحانہ مکین کر رہی تھیں۔ کلچر ڈے میں نیویارک میں مقیم پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شریک ہوکر امن، محبت، اتحاد، ہم آہنگی اور رواداری کا پیغام دیا۔ خیبر سوسائٹی آف امریکا کے بانی تاج اکبر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کو دیکھتے ہوئے چند سال قبل ہم وطنوں کے لیے روزگار اسکیم شروع کی، کئی خاندان مستفید ہوئے اور یہ سلسلہ یونہی قائم رہے گا۔صدرِ محفل اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کو شال اور ٹوپی پہنائی گئی۔ عامر احمد اتوزئی نے خطاب کے آغاز پر پشتو میں شعر بھی پڑھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پشتون قوم میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے، باہمی تعاون، ہمدردی اور مدد کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔ مہمانِ خصوصی اسمبلی وومن جینیفر راج کمار نے اپنے آباؤ اجداد کے پاکستان کے شہر ملتان سے تعلق کو باعثِ فخر قرار دیا جبکہ ریاست نیوجرسی سے پہلی پاکستانی نژاد اسمبلی وومن شمع حیدر نے خیبر سوسائٹی کی روزگار اسکیم کو بھرپور سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں مقیم پاکستانیوں کو ہر سطح کی سیاست میں شمولیت اختیار کرنی چاہیے۔ تقریب میں سیاسی، سماجی، کاروبار، فنونِ لطیفہ اور ادبی شعبے سے وابستہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔ خیبر سوسائٹی آف امریکا کے صدر زمان خان آفریدی اور چیئرمین ڈاکٹر شفیق خان کا کہنا تھا پشتون کمیونٹی کہیں بھی رہیں اس معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ضرور ادا کرتی ہے اور ایسے افراد کی ستائش کرنا ہماری روایت رہی ہے۔ خیبر سوسائٹی کے بورڈ ممبر طاہر کا کہنا تھا کہ ہماری تہذیب، ثقافت اور روایات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ثقافت سرحدوں کی قید سے بالاتر ہے، اسی لیے دلوں کو جوڑتی ہے۔ اس موقع پر روزگار اسکیم کی قرعہ اندازی کے ذریعے پاکستان میں مقیم 4 افراد کے لیے باعزت روزگار کی فراہمی کا اعلان بھی کیا گیا۔اس موقع پر اے پیگ کے صدر علی رشید کا کہنا تھا کہ پشتون قوم کی قدیم تہذیب و ثقافت ہے، ان کی محنت، جفاکشی، جرات، دلیری اور بہادری کی لازوال مثالیں ہیں۔ یہ صرف کلچر کا نہیں بلکہ ہماری قدیم تہذیب و ثقافت اور انسان دوست روایات کا جشن ہے۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی اظہارِ خیال کیا جبکہ اسمبلی ممبر میکائل سولاجز کے دفتر کے نوجوان نمائندے نے پشتون کمیونٹی کے لیے اسمبلی وومن کا پیغام سنایا۔ پشتون کلچر ڈے کی تقریب ہو لیکن روایتی ساز نہ بجیں تو محفل پھیکی لگتی ہے۔ موسیقی کی دھنوں اور پشتو گائیکی نے قونصل جنرل سمیت سب کو جھومنے پر مجبور کردیا۔ تقریب کے آخر میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی اور کمیونٹی سروسز پر کئی شخصیات کو ایوارڈ، تعریفی اسناد اور سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.