امریکی فیڈرل ویکسین ایڈوائزری کمیٹی نے نومولود بچوں کو پیدائش کے فوراً بعد ہیپاٹائٹس بی ویکسین دینے کی 30 سالہ قومی پالیسی تبدیل کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق نئی سفارشات کے مطابق پیدائش کے فوراً بعد ویکسین صرف اُن بچوں کو لگائی جائے گی جن کی ماؤں کا ہیپاٹائٹس بی ٹیسٹ مثبت ہو یا جن کی میٹرنل اسٹیٹس معلوم نہ ہو۔ 1991 سے چلنے والی یونیورسل ویکسینیشن پالیسی اب ختم کر دی گئی ہے۔یہ فیصلہ امریکی ہیلتھ سیکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے نامزد کردہ ارکان نے کیا، جب کہ درجنوں طبی ماہرین، ویکسین ایکسپرٹس اور ریاستی ہیلتھ محکموں نے اس سفارش کی سخت مخالفت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ پیدائش پر دی جانے والی ویکسین نے ہزاروں انفیکشنز سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کئی ریاستیں اور میڈیکل ادارے اب بھی موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کا اعلان کر چکے ہیں۔کمیٹی نے 8 کے مقابلے میں 3 ووٹوں سے تجویز دی کہ اگر والدین پیدائش پر ویکسین نہ لگانے کا فیصلہ کریں، تو ویکسینیشن کا سلسلہ دو ماہ کی عمر سے شروع کیا جائے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے بچوں میں انفیکشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔میڈیکل ایکسپرٹس نے اجلاس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہ کمیٹی نے سائنسی شواہد کو نظرانداز کیا ہے، اور نئی پالیسی عوامی صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔