نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے بروکلین کے علاقے پروسپیکٹ پارک اور اس کے اطراف میں اچانک ہونے والی فلیش فلڈنگ کو روکنے کے لیے 68 ملین ڈالر کے بڑے منصوبے کا اعلان کیا، جس کا مقصد شہر کو موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے انتہائی موسمی واقعات سے محفوظ بنانا ہے۔
اس منصوبے کے تحت پروسپیکٹ پارک میں بروکلین کا پہلا بلیو بیلٹ تیار کیا جائے گا، جو قدرتی جھیل اور ویٹ لینڈز کو استعمال کرتے ہوئے بارش کے پانی کو جذب اور منظم کرے گا۔ایڈمز انتظامیہ کے مطابق، ڈی ای پی کی جانب سے بلیو بیلٹ کے لیے 50 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جو پروسپیکٹ پارک الائنس کے جاری 20 ملین ڈالر کے لیک شَؤر بحالی منصوبے کا اہم حصہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پروسپیکٹ پارک، پروسپیکٹ پارک چڑیا گھر، کینسنگٹن، ڈٹماس پارک، ونڈسر ٹیرس اور اطراف کی برادریوں کو مستقبل کے شدید طوفانی بارشوں سے محفوظ بنانے میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔ڈی ای پی کی جانب سے کی گئی سال بھر کی اسٹڈی میں بتایا گیا کہ شدید بارش کے دوران پارک کا 150 سال پرانا بیسن محدود گنجائش کے باعث اوور فلو ہوجاتا ہے، جس سے گردونواح کی گلیوں اور گھروں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ نئے منصوبے کے تحت جھیل کا ڈرینیج سسٹم بہتر بنا کر پانی کو 3 ہفتوں کے بجائے 36 گھنٹوں میں کم کیا جا سکے گا۔ اسی طرح ویسٹ ڈرائیو کے ساتھ بارش کے پانی کو سنبھالنے کے لیے نیا تالاب اور مسلسل رین گارڈنز تیار کیے جائیں گے تاکہ بارش کا پانی گھروں کی طرف بہنے کے بجائے پارک میں جذب ہو جائے۔فلیٹ بش ایونیو کے گرد سیلابی خطرات کم کرنے کے لیے چڑیا گھر کے شمال میں ایک نیا تالاب بھی بحال کیا جائے گا۔ اس کا مقصد چڑیا گھر کو مستقبل کے ان جیسے فلیش فلڈز سے بچانا ہے جنہوں نے 2023 کی ریکارڈ بارش کے دوران اسے بند ہونے پر مجبور کیا تھا۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کا ڈیزائن شروع ہو چکا ہے، جبکہ تعمیرات 2029 میں شروع ہو کر 2032 میں مکمل ہوں گی۔