جدہ میں قونصل جنرل خالد مجید کے اعزاز میں الوداعی تقریب
جدہ — پاکستان انویسٹرز فورم کی جانب سے قونصل جنرل خالد مجید کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کا آغاز قاری محمد آصف کی تلاوتِ قرآن سے ہوا۔ تقریب کی نظامت چوہدری ظہیر نے کی، جبکہ اسی موقع پر فورم کے منتخب صدر شفقت محمود اور جنرل سیکرٹری مہر عبدالخالق لک نے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھایا، جو ٹریڈ قونصل سعدیہ نے لیا۔ سیاسی، سماجی اور کمیونٹی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قونصل جنرل کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اپنے خطاب میں فورم کے صدر شفقت محمود نے کہا کہ قونصل جنرل خالد مجید خوش اخلاق، ملنسار اور کمیونٹی کی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت ہیں جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جنرل سیکرٹری مہر عبدالخالق لک نے کہا کہ قونصل جنرل نے قونصلر سروسز میں نمایاں بہتری پیدا کی، جیل کیسز پر خصوصی توجہ دی اور نئے قونصل خانے کی عمارت کی تکمیل کو ممکن بنایا، جو ان کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔ کشمیر کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سردار اقبال نے کہا کہ بیماری کے باوجود خالد مجید نے ہر شعبے میں بہتری لاتے ہوئے اپنی تمام توانائیاں کمیونٹی کے لیے وقف کیں۔قونصل جنرل خالد مجید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گزشتہ چھ برسوں میں انہیں اور ان کے خاندان کو جو محبت اور عزت ملی، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کے دنوں میں کمیونٹی کی دعائیں ان کے لیے قیمتی سرمایہ تھیں۔ قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ قونصل خانے کے امور سے لے کر کمیونٹی سروسز تک ہر کامیابی ان کی پیشہ ور ٹیموں کی محنت کا نتیجہ ہے، جن میں تین مختلف ٹیمیں شامل تھیں اور سب نے اپنے فرائض مکمل پروفیشنل انداز میں انجام دیے۔آخر میں ماسا اور اسکانکم کی جانب سے قونصل جنرل خالد مجید کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ شرکاء نے کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر ان کی کاوشوں کو سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب میں شامل نمایاں شخصیات میں کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود پوری، سردار اقبال، سردار وقاص عنایت، سردار عنایت، چوہدری ریاض گھمن، حاجی عثمان، چوہدری اکرم، اظہر وڑائچ، چوہدری شہباز، چوہدری ظہیر، مسرت خلیل اور دیگر سیاسی و سماجی رہنما شامل تھے۔ اختتام پاکستان انٹرنیشنل اسکول رحاب سیکشن کے قائم مقام پرنسپل محمد ذیشان کی دعا پر ہوا۔