vosa.tv
Voice of South Asia!

 پاکستان پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس امریکا میں بھی منایا گیا

0

 پاکستان پیپلز پارٹی کا اٹھاون واں یومِ تاسیس امریکا میں بھی منایا گیا۔ پی پی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی وفاقِ پاکستان کی علامت ہے اور ہمیشہ پاکستان کو مضبوط و مستحکم دیکھنا چاہتی ہے، ہم اپنے اصولوں پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

 پاکستان پیپلز پارٹی کے قیام کو 58 برس مکمل ہونے پر پی پی پی یو ایس اے کے زیرِ اہتمام نیویارک میں منعقدہ خصوصی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول سے کیا گیا، تقریب کی نظامت راجہ اسد کر رہے تھے۔ تقریب میں پی پی رہنما، پارٹی ورکرز اور جیالوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب میں پیپلز پارٹی امریکا کے صدر خالد اعوان اور نیویارک کے صدر ظفر چٹھہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی بقاء کے لیے اپنے قائدین کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں گے۔ یومِ تاسیس کی تقریب کے مہمانِ خصوصی و سینئر رہنما چودھری جاوید اختر، سینئر نائب صدر جمشید گجر اور ہمایوں صفدر کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو مذاکرات سے مسائل کے حل پر یقین رکھتے تھے، قائدِ عوام نے ملک کو مکمل آئین اور بہترین وژن دیا۔ پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس میں صرف پارٹی ورکرز ہی نہیں بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت کمیونٹی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی پاکستان اور جمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں ہیں۔ اقتدار ہو یا حزبِ اختلاف، پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت کبھی کم نہ ہوئی۔ سیاسی رواداری کا فروغ بہت ضروری ہے۔نجی ریسٹورانٹ کے ہال کو یومِ تاسیس کی مناسبت سے امریکا اور پاکستان کے پرچموں کے ساتھ پارٹی پرچم اور ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو کی تصاویر پر مشتمل بینرز سے آراستہ کیا گیا تھا۔ اس موقع پر پی پی عہدیداران اور جیالے ورکرز کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہر ظلم کے سامنے مزاحمت کی علامت ہے۔ پاکستان کو ذوالفقار علی بھٹو جیسا لیڈر دوبارہ نصیب نہیں ہوا۔تقریب میں شریک دیگر پارٹی ورکرز نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کو ان کے حقوق کا احساس دلایا۔ پارٹی میں محبت، برداشت اور رواداری کی روایت ہے، جسے اپنانے کی ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام سے قبل پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے حق میں نعرے لگائے گئے جبکہ آخر میں سب نے مل کر یومِ تاسیس کی مناسبت سے تیار کردہ خصوصی کیک بھی کاٹا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.