ریاض سیزن میں پاکستانی کلچرل ویک کا شاندار آغاز
ریاض: سعودی عرب کی وزارت میڈیا اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ریاض سیزن میں پاکستانی کلچرل ویک کا شاندار آغاز ہو گیا، جس میں ہزاروں پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں نے شرکت کی۔
پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت پر مبنی پریڈ میں رنگا رنگ تقریبات پیش کی گئیں اور نامور گلوکار ابرارالحق نے اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔پاکستانی کلچرل ویک کے پہلے روز پاکستان سے معروف سوشل میڈیا انفلونسرز اور میڈیا ہاؤسز کے نمائندے بھی خصوصی طور پر مدعو تھے، جبکہ سفارت خانے کے افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ پریڈ میں پاکستانی ثقافت کے ہر پہلو کو اجاگر کیا گیا، جس میں روایتی لباس، موسیقی اور رقص شامل تھے۔سفارت خانہ پاکستان کی پولیٹیکل سیکرٹری اقراء نے کہا کہ ریاض سیزن میں پاکستانی ثقافت کو نمایاں مقام حاصل ہے اور سعودی عرب کی جانب سے مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کو اہمیت دینے سے عالمی روابط میں اضافہ ہوتا ہے۔ابرارالحق نے کہا کہ وہ سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اور وزارت میڈیا کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کی ثقافت کو اجاگر کر کے بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دیا۔