vosa.tv
Voice of South Asia!

ممدانی کی سٹی ہال کے 179 اسٹاف ممبران سے مستعفی ہونے کی درخواست

0

نیویارک کے نو منتخب میئر زوہران ممدانی نے یکم جنوری کو عہدہ سنبھالنے سے قبل سٹی ہال کے 179 اسٹاف ممبران سے مستعفی ہونے کی درخواست کر دی ہے۔

ممدانی نے ان میں زیادہ تر وہ سیاسی تقرریاں شامل ہیں جو موجودہ میئر ایرک ایڈمز نے اپنی انتظامیہ میں کی تھیں، جن میں ڈپٹی میئر، کمشنرز اور بین الاداری و کمیونٹی افیئرز یونٹ کے اہم ارکان شامل ہیں۔ممدانی کی ٹیم کے مطابق یہ عمل نئے میئر کے ایجنڈے کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھانے اور نئی پالیسیوں کے مطابق سٹی ہال کی ٹیم تشکیل دینے کے لیے ضروری ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ نئی انتظامیہ کو تقریباً 70 ہزار ریزیومے موصول ہو چکے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ بڑی تعداد میں لوگ ممدانی حکومت میں شامل ہونے کے خواہشمند ہیں۔اگرچہ انتظامیہ کی تبدیلی پر اسٹاف کا بدلنا معمول کی کارروائی ہے، لیکن میئر ایڈمز کے ترجمان نے اس اقدام کو “سیاسی کھیل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ممدانی انتظامیہ نے تجربہ کار سرکاری ملازمین کو نظرانداز کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ایڈمز نے اپنی مدت کے آغاز میں بلومبرگ اور ڈی بلیزیو دور کے تجربہ کار سرکاری اہلکاروں کو برقرار رکھا تھا تاکہ شہر کے جاری بحرانوں سے نمٹنے میں تسلسل برقرار رہے۔ایڈمز کے دفتر کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نیویارک کے لیے نقصان دہ ہے، کیونکہ وہ ملازمین جنہوں نے کووِڈ بحران، پناہ گزین چیلنجز اور دیگر بڑے مسائل کے دوران شہر کی خدمت کی، انہیں نئے دور کا حصہ بننے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ انتظامیہ کے طویل عرصے سے کام کرنے والے سرکاری ملازمین شہر کو محفوظ، قابلِ برداشت اور خاندانی زندگی کے لیے موزوں بنانے میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔نئی انتظامیہ کے اس فیصلے نے شہر میں سیاسی ہلچل ضرور پیدا کی ہے، تاہم ممدانی ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ ایک مضبوط، فعال اور نئی سمت طے کرنے والی حکومت کی تشکیل کے لیے یہ اقدامات ضروری سمجھتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.