نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے تھینکس گیونگ ڈے پریڈ سے ایک دن قبل سکیورٹی انتظامات پر اہم بریفنگ دیتے ہوئے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ کل کی پریڈ کو محفوظ بنانے کے لیے شہر بھر میں سخت نگرانی اور مضبوط الرٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
میئر نے اپنے بیان کا آغاز واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل گارڈ اہلکاروں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے پر اظہارِ ہمدردی سے کیا اور یقین دہانی کرائی کہ شہر کی سکیورٹی ایجنسیاں صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں، تاہم اس وقت نیویارک میں کسی ممکنہ خطرے کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔میئر ایڈمز نے کہا کہ تھینکس گیونگ پریڈ نہ صرف تہواروں کے آغاز کی علامت ہے بلکہ شہر کی معیشت میں بڑا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موسم خوشگوار رہے گا، مگر غباروں کے استعمال کے حوالے سے ہوا کے دباؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ پریڈ کے دوران سڑکوں کی بندش کے باعث عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کریں اور ہجوم میں چوکس رہیں۔ ان کے مطابق پولیس اہلکار وردی میں بھی ہوں گے اور سادہ لباس میں بھی، جبکہ متعدد حفاظتی اقدامات پس منظر میں بھی فعال رہیں گے۔پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے بریفنگ میں بتایا کہ پریڈ کے 2.5 میل طویل روٹ پر ہزاروں پولیس اہلکار، ESU، K9، بم اسکواڈ، ایوی ایشن، ہاربر یونٹ اور ڈرونز تعینات ہوں گے۔ 14 ہزار بیری کیڈز، سینکڑوں بلاکر وہیکلز اور مسلسل نگرانی کے لیے سینکڑوں کیمروں کا نیٹ ورک فعال رہے گا۔ پولیس کے مطابق پریڈ صبح 8:30 بجے ویسٹ 77 اسٹریٹ سے شروع ہو کر ففتھ ایونیو اور پھر 34 اسٹریٹ تک آگے بڑھے گی۔ رات 9 بجے سے پریڈ کے اختتام تک مرکزی سڑکیں مکمل طور پر بند رہیں گی۔ شہریوں کو ممنوعہ اشیا لانے سے روکنے کے لیے سخت چیکنگ ہوگی، اور ڈرون کا استعمال مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ ٹرانزٹ حکام نے بعض سب وے لائنوں اور بس روٹس میں عارضی تبدیلیاں بھی نافذ کر دی ہیں۔