نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے مختلف شعبوں میں افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی۔ ترقی پانے والوں میں پچیس مسلمان بھی شامل ہیں جبکہ ایک اور پاکستانی نژاد افسر آصف اقبال کیپٹن سے ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پا گئے۔
نیویارک پولیس ہیڈ کوارٹرز میں افسران کو ترقی دینے کی دو علیحدہ علیحدہ تقریبات منعقد ہوئیں جن کا آغاز پر پولیس کے جوانوں نے مارچ کیا، سلامی دی اور امریکی قومی ترانہ پڑھا گیا۔ تقریب میں پولیس افسران کے اگلے عہدوں پر ترقیوں کا اعلان ہوا تو کمشنر جیسیکا ٹش نے انھیں اعزازات دیے۔ پولیس کمشنر کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کی بہتر کارکردگی سے جرائم کی شرح میں غیر معمولی کمی آئی ہے۔ پروموشن لسٹ کے مطابق مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 25 سے زائد مسلمان افسران نے اگلے عہدوں پر ترقی حاصل کی ہے جن میں ایک اور پاکستانی نژاد کیپٹن آصف اقبال شامل ہیں جنھیں ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی جبکہ دیگر افسران کو ڈیٹیکٹیو انویسٹی گیٹر، لوٹیننٹ اسپیشل اسائنمنٹ، لوٹیننٹ اور سارجنٹ کے عہدے مل گئے ہیں۔ تقریب میں ترقی پانے والے پولیس افسران کے اہلخانہ بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا نے لوٹیننٹ محمد بھٹی اور انڈین کمیونٹی کے حسن سعید کو ڈیٹیکٹو کا عہدہ ملنے پر مبارکباد دی اور بیج لگایا۔