vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں گاتھم ایف سی کو چیمپئن شپ جیتنے پر خصوصی اعزاز

0

نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے نیشنل ویمنز ساکر لیگ کی چیمپئن ٹیم گاتھم فٹبال کلب کو شاندار کارکردگی کے اعتراف میں شہر کی روایتی ’کی ٹو دی سٹی‘ سے نوازا۔

یہ اعزاز سٹی ہال میں خصوصی تقریب کے دوران دیا گیا، جس کا مقصد ہفتہ کی شب چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ میئر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ آج رات سٹی ہال سمیت کئی سرکاری عمارتیں گاتھم ایف سی کے ’’اسکائی بلو‘‘ رنگ سے روشن کی جائیں گی۔میئر ایڈمز نے کھلاڑیوں کی جرات، ہمت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ گاتھم ایف سی نے ہزاروں نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو بڑے خواب دیکھنے اور خود پر یقین رکھنے کا حوصلہ دیا ہے، اور یہ جیت اس بات کی علامت ہے کہ خواتین کا کھیل دنیا کے بڑے اسٹیج پر پوری شان سے موجود ہے۔ ٹیم کی گورنر کیرولین ٹِش بلوڈیٹ نے اس اعزاز کو اپنی ٹیم کی محنت، جرات اور اس خطے کی روح کا عکاس قرار دیا۔گاتھم ایف سی نے تین برسوں میں دوسری بار NWSL چیمپئن شپ جیتی ہے۔ 2025 کے فائنل میں ٹیم نے اپنے روایتی حریف واشنگٹن اسپرٹ کو 0-1 سے شکست دی۔ روز لیویل، جیدِن شا اور ایملی سانٹ جیسے امریکی اسٹارز کی قیادت میں ٹیم نے اس سیزن کو امریکی خواتین فٹبال کی تاریخ کے کامیاب ترین سیزنز میں شامل کرلیا۔ دو سال قبل 2023 میں پہلی لیگ ٹائٹل جیتنے کے بعد، گاتھم ایف سی نے 2024-25 کونکا کیف ڈبلیو چیمپئنز کپ بھی جیتا، جو شمالی امریکا کی خواتین فٹبال کا پہلا براعظمی اعزاز ہے۔گاتھم ایف سی 2021 میں ری برانڈنگ کے بعد اس نام سے جانا جاتا ہے، جبکہ اسے 2007 میں ’’اسکائی بلو ایف سی‘‘ کے نام سے قائم کیا گیا تھا۔ ٹیم 2009 میں ویمنز پروفیشنل ساکر چیمپئن بھی رہ چکی ہے اور 2013 سے NWSL کی بانی ٹیموں میں شامل ہے۔ آج رات بروکلین بورُو ہال، مین ہٹن میونسپل بلڈنگ، کوئینز بورُو ہال اور اسٹیٹن آئی لینڈ بورُو ہال بھی ٹیم کی جیت کے احترام میں اسکائی بلو رنگ میں جگمگائیں گے۔نیویارک کی ’’کی ٹو دی سٹی‘‘ 1702 سے شہر کا روایتی اعزاز ہے، جو اُن افراد کو دیا جاتا ہے جن کی خدمات معاشرے اور عوام کے لیے غیر معمولی حیثیت رکھتی ہیں۔ میئر ایڈمز کے مطابق، گاتھم ایف سی نے نہ صرف ایک ٹائٹل جیتا بلکہ خواتین کھیلوں کی قدر کو ایک نئے عالمی مقام تک پہنچایا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.