vosa.tv
Voice of South Asia!

نیوجرسی میں اُردو ادب کا شاندار انعقاد، پیامِ محبت انٹرنیشنل مشاعرہ

0

 محبانِ اُردو آف نارتھ امریکا اور کلچرل سوسائٹی آف برگن کاونٹی کے زیرِ اہتمام نیوجرسی میں پیامِ محبت انٹرنیشنل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا، مشاعرے میں نامور اور ممتاز شعرا کرام نے اپنے کلام سنا کر خوب داد سمیٹی۔

 محبانِ اُردو آف نارتھ امریکا، کلچرل سوسائٹی آف برگن کاونٹی اور جھل مل انٹرٹینمنٹ کے زیرِ اہتمام نیوجرسی کے نجی ہوٹل میں پیامِ محبت کے عنوان سے بین الاقوامی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان اور انڈیا کے معروف شعرا کرام شریک ہوئے۔ مشاعرے کی نظامت خالد عرفان نے کی جبکہ صدرِ مشاعرہ باصر کاظمی تھے۔مشاعرے میں امریکہ بھر سے آئے ہوئے سامعین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ مشاعرے کے انعقاد میں کلچرل سوسائٹی آف برگن کاونٹی کی فرحت خان، غزالہ چوہان، خواجہ خطیب اور معظم نے اہم کردار ادا کیا جن کی محنت اور تنظیمی صلاحیتوں کے باعث یہ مشاعرہ بہترین انتظامات کے ساتھ جاری رہا۔بین الاقوامی مشاعرے میں معروف شاعر باصر کاظمی، عباس تابش، محشر آفریدی، حمیرا ریحان، مدن موہن دانش، خالد عرفان، نینا عادل اور عمار اقبال نے کلام پیش کیے۔ مشاعرے کے دوران کہی گئی غزلوں اور نظموں نے جہاں محبت، رواداری اور انسان دوستی کے پیغام کو اجاگر کیا، وہیں اردو زبان کی دل آویزی اور اس کے ادبی حسن کو بھی فروغ دیا۔ ممتاز شعرا کرام نے اپنے کلام سے سامعین کے دل موہ لیے۔امریکہ میں اردو مشاعروں کا یہ سلسلہ تارکینِ وطن کمیونٹی میں زبان و ادب کے فروغ کی ایک مضبوط روایت بن چکا ہے۔ تقریب بھرپور ادبی ذوق کے ساتھ جاری رہی۔ پیامِ محبت مشاعرہ اس روایت کا ایک خوبصورت اضافہ ثابت ہوا۔اس ادبی محفل نے اردو زبان و ادب سے محبت رکھنے والے افراد کو ایک بار پھر ایک جگہ اکٹھا کردیا۔ ہر شاعر نے اپنی مخصوص طرزِ بیان اور رنگِ سخن سے نہ صرف ماحول کو وجدانی بنایا بلکہ سامعین کی بھرپور داد بھی سمیٹی۔آخر میں صدرِ مشاعرہ معروف شاعر باصر کاظمی نے اپنے منفرد کلام حاضرین کی سماعتوں کی نذر کیے۔تقریب کے اختتام پر منتظمین نے تمام شعرا اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی اسی جذبے اور جوش کے ساتھ اردو کے فروغ کے لیے مزید ادبی پروگرامز منعقد کرتے رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.