vosa.tv
Voice of South Asia!

تھائی لینڈ کے ویزا قوانین مزید سخت

0

تھائی لینڈ نے سیاحت کے شعبے میں بڑھتی ہوئی بے ضابطگیوں کو روکنے اور پائیدار ٹورزم ماڈل اپنانے کے لیے ویزا قوانین سخت کر دیے ہیں۔

حکام کے مطابق بہت سے غیر ملکی 90 دن کی ویزا فری پالیسی کا غلط استعمال کرتے ہوئے پٹایا، فوکٹ اور ہواہن جیسے شہروں میں غیرقانونی کاروبار میں ملوث پائے گئے۔ نئی پالیسی کا مقصد صرف ایسے ’’معیاری اور ذمہ دار‘‘ سیاحوں کو ترجیح دینا ہے جو مقامی معیشت اور ثقافت میں مثبت کردار ادا کریں۔2024 میں متعارف کرایا گیا ویزا ایکزمپشن پروگرام اب مسائل پیدا کر رہا تھا۔ متعدد غیر ملکی بار بار سرحدی علاقوں کا چکر لگا کر قیام بڑھاتے رہے، جس پر امیگریشن نے 2025 میں سختیاں بڑھاتے ہوئے اعلان کیا کہ دو سے زیادہ ویزا رن کرنے والوں کو بنا جواز دوبارہ داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اب تک تقریباً 2,900 درخواستیں ان خلاف ورزیوں پر مسترد کی جا چکی ہیں، جبکہ تھائی لینڈ-میانمار بارڈر سے ڈی پورٹ ہونے والوں پر تاحیات پابندیاں بھی عائد کی جا رہی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات سیاحت کو روکنے کے لیے نہیں بلکہ نظام کے غلط استعمال کو ختم کرنے کے لیے ہیں۔ اگرچہ 2025 کے پہلے دس ماہ میں سیاحت میں 7.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، لیکن ملک کا ہدف اب ایسے سیاحوں کو راغب کرنا ہے جو زیادہ عرصہ قیام کریں اور مقامی کاروبار کو حقیقی فائدہ پہنچائیں۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سخت جانچ کے باوجود پاسپورٹ کلیئرنس 45 سیکنڈ میں مکمل کی جائے گی اور رش کے وقت اضافی عملہ تعینات ہوگا۔تھائی لینڈ کا کہنا ہے کہ سخت ویزا قوانین کا مقصد طویل المدتی پائیداری اور سیاحتی شعبے کی مضبوطی ہے۔ حکام کو امید ہے کہ معیاری سیاحت کی یہ پالیسی مستقبل میں ملک کی معیشت، ثقافت اور قدرتی ورثے کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.