شکاگو کے ابھرتے گلوکار زین بیگ کا میوزک کنسرٹ مقبول
شکاگو سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد ابھرتے ہوئے گلوکار زین بیگ نے اپنی منفرد آواز اور دلکش پرفارمنس سے امریکی میوزک دنیا میں نئی ہلچل مچا دی ہے۔
لومبارڈ کے سگنیچر بینکوئٹس میں ہونے والا لائیو کنسرٹ شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوا، جس میں سو سے زائد موسیقی کے شائقین نے بھرپور شرکت کی۔زین بیگ نے کم عمری میں ہی اپنی گائیکی کا سفر شروع کیا اور بتایا کہ انہوں نے گانے کی ابتدائی تربیت اپنی والدہ سے حاصل کی۔ اسکول کے زمانے میں ہر مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے زین آج یوٹیوب، انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز پر لاکھوں فالوورز رکھتے ہیں۔ ان کے کئی گانے سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکے ہیں جس سے انہیں غیر معمولی مقبولیت ملی۔کنسرٹ میں زین بیگ نے اپنے بینڈ کے ہمراہ لگاتار دو گھنٹے پرفارم کیا اور حاضرین کی فرمائش پر مقبول پاپ، آر اینڈ بی، بیلڈ اور پاکستانی فلموں کے مشہور گیت بھی پیش کیے۔ ان کی توانائی، اسٹیج پرفارمنس اور آواز نے شائقین کو محظوظ کر دیا اور ہال میں موجود ہر شخص جھوم اٹھا۔پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے زین بیگ نے بتایا کہ کیرئیر بنانے میں انہیں بے حد محنت کرنا پڑی اور کئی بار مایوسی بھی ہوئی، مگر انہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔ زین نے کہا کہ وہ اپنے گانے خود لکھتے اور ترتیب دیتے ہیں جبکہ پیانو اور گٹار بھی بجاتے ہیں۔ ان کے مطابق گانا ان کے لیے ایک جنون ہے، اور وہ اسے نئی سمت دینے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔شکاگو میں اپنی سحر انگیز آواز سے دھوم مچانے والے زین بیگ ابھرتے ہوئے نوجوان فنکاروں میں تیزی سے ایک نمایاں مقام بناتے جارہے ہیں، اور ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت انہیں میوزک انڈسٹری میں ایک مضبوط مستقبل کی نوید دے رہی ہے۔