دبئی ائیر شو میں جے ایف تھنڈر نے دنیا کو حیران کردیا
دبئی ایئر شو 2025 میں پاکستان کے تیار کردہ جے ایف-17 تھنڈر نے ایک بار پھر بین الاقوامی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی، جہاں کئی ممالک نے اس لڑاکا طیارے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
شو کے دوران ایک ملک کے ساتھ جے ایف-17 کے حصول کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے، جس سے عالمی دفاعی منڈی میں اس طیارے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دبئی ایئر شو کے موقع پر مختلف دوست ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں یو اے ای کے انڈر سیکریٹری آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل پائلٹ ابراہیم ناصر العلاوی اور کمانڈر یو اے ای ایئر فورس اینڈ ایئر ڈیفنس میجر جنرل راشد محمد الشمسی کے ساتھ جامع مذاکرات شامل تھے۔ان مذاکرات میں جدید فضائی تربیت میں تعاون بڑھانے، ایروسپیس ٹیکنالوجی میں مشترکہ شراکت داری کو فروغ دینے اور آپریشنل سطح پر رابطہ کاری کے مؤثر طریقہ کار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے نئے پہلوؤں پر بھی پیش رفت ہوئی۔ایئر شو میں جے ایف–17 تھنڈر بلاک تھری سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں دفاعی ماہرین، ہوا بازی کے شائقین اور تجزیہ کاروں نے اس کی جدید خصوصیات، مضبوط جنگی صلاحیتوں اور کم لاگت میں اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ ماہرین کے مطابق بلاک تھری ورژن کی جدید ٹیکنالوجی نے اسے عالمی مارکیٹ میں مزید مسابقتی بنا دیا ہے، اور یہی عوامل اس کی بڑھتی ہوئی مانگ کا بنیادی سبب ہیں۔