سعودی عرب کے ساحلی شہر الجبیل میں معروف سماجی شخصیت چوہدری آفتاب جاوید کی جانب سے پاکستان سے آئے ہوئے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
اس ملاقات کا مقصد تعلیمی تعاون، سماجی روابط اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر محمد جنید خان نے کہا کہ تعلیم محض نصابی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ کردار سازی، اخلاقی تربیت اور سماجی شعور کی بنیاد ہے۔ ان کے مطابق ایک مضبوط تعلیمی نظام نوجوانوں کو ذمہ دار شہری بنانے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔تقریب کے میزبان چوہدری آفتاب جاوید نے وفد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ افراد کسی معاشرے میں مثبت تبدیلی اور ترقی کے حقیقی محرک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی خدمات نوجوان نسل کی رہنمائی میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔تقریب کے دیگر مقررین میں بریگیڈیئر ریٹائرڈ شاہد وہاب، کرنل افضال احمد، میڈیم وجہیہ، نوید جنجوعہ، راجہ عمر، اکرام احمد، ڈاکٹر الطاف حسین، ریاض عارف، محمد ادریس طور، اسرار احمد اور دیگر شامل تھے، جنہوں نے تعلیم کی بنیادی اہمیت اور اس کے معاشرتی اثرات پر تفصیل سے گفتگو کی۔ شرکا نے کہا کہ ایسے مکالمے نہ صرف تعلیمی اداروں اور اوورسیز کمیونٹی کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ مستقبل کے تعاون کے دروازے بھی کھولتے ہیں۔